وزیراعظم کی مداخلت سے بلوچستان کے ذہین طلباء کا تعلیمی کیرئیر تاریک ہونے سے بچ گیا

وزارت خزانہ نے چاند باغ سکول مرید کے اور بقائی کیڈٹ کالج کراچی کی انتظامیہ کو 40ذہین اور فیس ادا نہ کرسکنے والے طلباء کیلئے ایک کروڑ 35 لاکھ کی گرانٹ جاری کردی

پیر 30 مئی 2016 19:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مئی۔2016ء) وزیراعظم کی مداخلت سے بلوچستان کے ذہین طلباء کا تعلیمی کیرئیر تاریک ہونے سے بچ گیا۔چاند باغ سکول مرید کے اور بقائی کیڈٹ کالج کراچی کی انتظامیہ نے وزیراعظم شکایات ونگ سے رجوع کیا تھا کہ طلباء جن کی تعداد تقریباً 40کے قریب ہے وہ سکول/کالج کی فیس ادانہیں کررہے ہیں اور ان کے ذمہ بقایا جات بہت زیادہ ہوگئے ہیں۔

اگر ان طلباء نے فیس جمع نہ کرائی تو ان کو سکول/کالج سے نکال دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس پر وزیراعظم شکایت ونگ میں جوائنٹ سیکرٹری عبدالقیوم نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ایک ہنگامی میٹنگ بلائی جس میں وزرات خزانہ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔میٹنگ میں وزرات خزانہ کے نمائندوں سے کہا گیا کہ وہ اس معاملے میں خصوصی دلچسپی لے کر اس جلدازجلد حل کریں۔انہوں نے معاملے کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے فوراً کارروائی کی اور وزرات کیپٹل ایڈمنسٹریشن اور ڈویلپمنٹ ڈویژن کے ذریعے متعلقہ سکول/کالج کو ایک کروڑ پینتیس لاکھ کی گرانٹ جاری کردی۔اس طرح وزیراعظم شکایات ونگ کی بروقت کوشش سے ان نادار لیکن ذہین طلباء کا تعلیمی کیرئیر تاریک ہونے سے بچ گیا۔

متعلقہ عنوان :