جواہرات و زیورات کے شعبے کو منظم کرنے کی ضرورت ہے، صنعتی ترقی کیلئے کاروباری افراد کو جدید خطوط پر سخت محنت کرنا ہو گی

صدر ممنون حسین کا پاکستان جیمز اینڈ جیولری کے چیئر مین کی طرف سے دی گئی پریزنٹیشن سے خطاب

پیر 30 مئی 2016 19:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مئی۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ جواہرات و زیورات کے شعبے کو منظم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ قومی آمدنی میں اضافہ کیا جاسکے۔ وہ پیر کو پاکستان جیمز اینڈ جیولری کے چیئر مین عبدالرزاق کی طرف سے دی گئی پریزنٹیشن کے دوران خطاب کررہے تھے ۔صدر مملکت نے کہا کہ صنعتی ترقی کے لیے کاروباری افراد کو جدید خطوط پر سخت محنت کرنا ہو گی۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں حکومت تاجر برادری کو ساز گار ماحول دینے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جواہرات و زیورات کے شعبے میں جدت پیدا کرنے کے لیے فیشن ڈیزائن کے اعلیٰ تعلیمی اداروں سے بھی رابطے قائم کرنے چاہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ اگر اس شعبے میں جدت کے ساتھ ساتھ ہم بین الاقوامی سطح پر مارکیٹنگ کی درست حکمت عملی اپنالیں تو یہ شعبہ قومی آمدنی میں اضافے کے لیے اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔جواہرات و زیورات کے شعبے سے منسلک لوگ مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ حکومت کو تجاویز بھی دیں تاکہ اس شعبے کی ترقی کے لیے اقدامات کیے جاسکیں۔