مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے زیراہتمام وزیراعظم کے کامیاب آپریشن اور جلد صحتیابی کیلئے دعائیہ تقریب کا انعقاد

پیر 30 مئی 2016 18:59

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مئی۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ ن برطانیہ کے زیراہتمام لندن میں وزیراعظم نوازشریف کے کامیاب آپریشن اور جلد صحت یابی کے لئے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں مسلم لیگ (ن)برطانیہ کے سینئر نائب صدر ناصر بٹ نے شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق لندن میں وزیراعظم نوازشریف کی جلد صحت یابی اورکامیاب آپریشن کے لئے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

قبل ازیں مسلم لیگ (ن)برطانیہ کے سینئر نائب صدر ناصر بٹ نے گزشتہ روز وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف سے ملاقات کی اور ان کی صحت یابی کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ ڈاکٹروں نے ان سے کہا ہے کہ اب وہ آپریشن کیلئے مزید انتظار نہیں کرسکتے اور اگر جلد آپریشن نہ کیا گیا تو دل کا دورہ پڑسکتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں قو م کی دعاؤں کے سبب جلد صحت یاب ہوکر واپس وطن لوٹوں گا اور پہلے سے زیادہ جذبہ کے ساتھ قوم کی خدمت کروں گا۔ناصر بٹ نے کہا کہ ملاقات کے دوران نوازشریف ہشاش بشاش تھے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا جس کے سبب اب کوئی بھی ملک پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔نوازشریف کی قیادت میں پاکستان تیزی سے ترقی کررہاہے اور آئندہ دو برسوں میں بجلی کے بحران پر بھی قابو پالیا جائے گا۔نوازشریف کی مقبولیت دیکھ کر اپوزیشن کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں ،اس لئے دو الزامات کی سیاست کررہے ہیں۔ناصر بٹ نے ان کی صحت یابی کیلئے پوری قوم سے دعاؤں کی اپیل بھی کی ہے