صحت یابی کیلئے دعاؤں پر قوم کا شکر گذار اور احسان مند ہوں، جب تک صحت ٹھیک ہے فرائض نبھانا میری قومی ذمہ داری ہے ،بجٹ کے حوالے سے اب تک جتنا کام ہوا مشاورت میں شامل رہا، آئندہ بھی سب معاملات اچھی طرح ہوں گے

وزیراعظم نواز شریف کی پاکستانی ہائی کمیشن پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو

پیر 30 مئی 2016 18:56

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مئی۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے صحت یابی کیلئے دعاؤں پر قوم کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں نے میری صحت کیلئے دعاکی، قوم کا احسان مند ہوں،جب تک صحت ٹھیک ہے فرائض نبھانا میری قومی ذمہ داری ہے بجٹ کے حوالے سے اب تک جتنا کام ہوا مشاورت میں شامل رہاہوں، آگے بھی سب معاملات اچھی طرح ہوں گے۔

وہ پیر کو لندن میں قومی اقتصادی کونسل اور کابینہ کے خصوصی اجلاس کی ویڈیو لنک کے ذریعے صدارت کیلئے پاکستانی ہائی کمیشن پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ ویڈیو لنک کے ذریعے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت کروں گا،ساری بات سنوں گا اور اجلاس میں اپنے خیالات کا بھی اظہار کروں گا ۔انہوں نے کہاکہ جب تک صحت ٹھیک ہے فرائض نبھانا میری قومی ذمہ داری ہے۔

بجٹ کی مشاورت میں پہلے بھی شریک رہاہوں آگے بھی سب اچھا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ قوم کا احسان مند ہوں کہ انہوں نے میری صحت یابی کیلئے دعا کی،مسلمان،عیسائی اور ہندو سمیت سب مذاہب کے ماننے والوں نے میرے لیے دعا کی سب کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے بعض رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

متعلقہ عنوان :