چیئرمین نیب کا کیسز کی مکمل تیاری نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار

محکمہ فشریز اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف موثرشواہد حاصل کئے جائیں،قمرالزماں چوہدری

پیر 30 مئی 2016 17:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مئی۔2016ء) قومی احتساب بیورو(نیب) کے چئیرمین قمرالزماں چوہدری نے نیب کراچی کی جانب سے کیسز کی مکمل تیاری نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے افسران کو کرپشن کیخلاف مزید کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پیرکوچیئرمین قمر الزماں چوہدری نے نیب کراچی کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر ان کی صدارت میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں کرپشن کیسز کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

ڈی جی نیب کراچی سراج نعیم نے ڈاکٹرعاصم سمیت اہم کیسز اور ریفرنسزسے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر چیئرمین نیب نے کرپشن کے خلاف کراچی نیب کی مجموعی طور پر بہتر کارکردگی کو سراہا تاہم بعض کیسز میں تیاری مکمل نہ ہونے پر انہوں نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ میں کرپشن کیسز کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جائے گا ۔

اجلاس میں جن امور پر بحث کی گئی ان میں سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کیخلاف کرپشن کیس سر فہرست ہے ،نیب شرجیل میمن پر اشتہارات کی مد میں 4 ارب کی خوردبرد کے الزامات کی تحقیقات کررہا ہے۔ چیئرمین کو سندھ پولیس میں بھی کرپشن کی تحقیقات پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق ڈی ایچ اے کریک اورمرینہ پروجیکٹ کی انکوائری سے متعلق رپورٹ بھی اجلاس میں پیش کی گئی۔اجلاس کے دوران چیئرمین نیب نے ہدایت کی کہ محکمہ فشریز اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف موثرشواہد حاصل کئے جائیں اور نیب کے وکلا بھی زیرسماعت کیسز میں موثر کارروائی کو تیز بنائیں۔

متعلقہ عنوان :