نیب بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے بلاامتیاز کارروائی جاری رکھے گا، نیب بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پاکستان کا اعلیٰ ادارہ ہے اور اسے آگاہی، تدارک اور قانون پر عملدآمد کے ذریعے بدعنوانی کے خاتمہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے

چیئرمین قومی احتساب بیورو قمر زمان چوہدری کی نیب کراچی بیورو کے دورہ کے موقع گفتگو

پیر 30 مئی 2016 17:22

اسلام آباد ۔ 30 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 مئی۔2016ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے بلاامتیاز کارروائی جاری رکھے گا۔ یہ بات انہوں نے نیب کراچی بیورو کے دورہ کے موقع پر اس کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ڈائریکٹر جنرل نیب کراچی کرنل (ر) سراج النعیم نے 2015-16ء کے دوران نیب کراچی کی کارکردگی سے آگاہ کیا اور بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے اپنی کامیابیوں کو اجاگر کیا۔

انہوں نے بتایا کہ چیئرمین نیب کی ہدایت پر نیب کی انسپکشن ٹیم نے مقداری گریڈنگ نظام کی بنیاد پر سال 2015ء کیلئے نیب کراچی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ بریفنگ کے دوران ڈی جی نیب نے بتایا کہ 2016ء کے دوران 3267 شکایات نمٹائی گئی ہیں، یہ شکایات گذشتہ سالوں میں نمٹائی گئی شکایات سے تعداد میں زیادہ ہیں۔

(جاری ہے)

2016ء میں نیب کراچی نے 109 شکایات کی جانچ پڑتال میں سے33 نمٹائیں۔

151 انکوائریوں میں سے 38 انکوائریوں اور 113 انوسٹی گیشن میں سے 40 انوسٹی گیشن کو میرٹ پر نمٹایا۔ 2016ء کے دوران نیب کراچی نے 50 بدعنوانی ریفرنس دائر کئے ہیں۔ اس عرصہ کے دوران نیب کراچی نے ریکارڈ 1304.965 ملین وصول کئے ہیں۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ قومی احتساب بیورو بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پاکستان کا اعلیٰ ادارہ ہے اور اسے آگاہی، تدارک اور قانون پر عملدآمد کے ذریعے بدعنوانی کے خاتمہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

یہ قومی احتساب آرڈیننس 1999ء کے تحت کام کرتا ہے، فاٹا اور گلگت بلتستان سمیت پاکستان کے تمام علاقے اس کے دائرہ کار میں آتے ہیں، نیب کا ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں ہے جبکہ اس کے 7 علاقائی بیوروز کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، سکھر، ملتان اور راولپنڈی ہیں۔ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے بلاامتیاز کارروائی جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ نیب کراچی قومی احتساب بیورو کا اہم علاقائی بیورو ہے جو کہ نیب کی مجموعی کارکردگی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2016ء کے دوران نیب کراچی کی چیئرمین انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ ٹیم کی جانب سے مقداری گریڈنگ نظام کے تحت جائزہ کے دوران آپریشنل ایفیشنسی انڈیکس میں کارکردگی 88 فیصد رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کراچی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ انہوں نے نیب کراچی کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے مزید محنت اور لگن سے کام کریں۔

متعلقہ عنوان :