ایم ڈی بیت المال نے خیبرایجنسی میں بے سہارا بچوں کومفت تعلیم اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے پاکستان بیت المال اسکول کا افتتا ح کردیا

پیر 30 مئی 2016 16:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مئی۔2016ء) ایم ڈی بیت المال نے خیبرایجنسی میں بے سہارا بچوں کومفت تعلیم اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے پاکستان بیت المال اسکول کا افتتا ح کردیا،خیبرایجنسی کی تحصیل جمرود میں بیت المال کے زیر انتظام اسکول کا سالانہ خرچ اٹھارہ لاکھ روپے ہوگا جس میں طلبہ کو مفت کتابیں، ادویات اور دیگر سہولیا ت مہیا کی جائیگی جبکہ طلبا اور والدین کا ماہانہ تین تین سو روپے کا وظیفہ بھی دیا جائیگا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب میں ایم ڈی بیت المال شیخ عابد وحید کا کہنا تھا کہ انکا مقصد ہے کہ پاکستان بیت المال خیبرایجنسی کے لوگوں کی خدمت کرے ۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا میں جب بھی سویٹ ہوم بنانا ہوگا تو خیبرایجنسی میں ہی بنایاجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرایجنسی کے تیم بچوں کو اسلام آباد کے سویٹ ہوم لایا جائے گا۔ اس موقع پر پچاس افراد میں دس دس ہزار روپے کے امدادی چیک بھی تقسیم کیے گئے۔ تقریب میں وزیراعظم نواز شریف کی صحتیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔