پاکستان میں پہلی بارمہاتما بدھ کے یوم ولادت کے سلسلہ میں ”وساکھ میلہ“ کی تقریبات کا آغاز

پیر 30 مئی 2016 16:35

اسلام آباد ۔ 30 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 مئی۔2016ء) بدھ مت کی روحانی شخصیت مہاتما بدھ کے یوم ولادت کے سلسلہ میں پاکستان میں پہلی مرتبہ ”وساکھ میلہ“ کااہتمام کیا گیا ہے جس میں شرکت کے لئے سری لنکا سے 50 رکنی وفد پاکستان آیا ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے پیر کوسری لنکا کے وفد کے سربراہ وزیر پرائمری انڈسٹریز ڈایا گاما گے اور نائب وزیر برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل ڈاکٹر مسز گاماگے کے ہمراہ ’وساکھ میلہ‘ پاکستان کی تقریبات کا باضابطہ افتتاح کیا۔

سری لنکا کے پاکستان میں سفیر میجر جنرل (ر) جے ناتھ لوکوکیٹاگوڈیج، وفاقی سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ محسن ایس حقانی ، قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے افسران اور سری لنکا کے ہائی کمشن کے اعلیٰ حکام بھی تقریب میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریبات میں شرکت کے لئے حکومت پاکستان کی دعوت پرسری لنکا سے آنے والے وفد میں 25 بدھ بھکشواور دیگر ممتاز شخصیات شامل ہیں۔

وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے وفد کی پاکستان آمد کاخیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کلچر سے لوگوں کو ایک دوسرے کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ اس تناظر میں پاکستان میں پہلی بار مہاتما بدھ کی ولادت کے دن کی مناسبت سے یہ تقریبات منانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ عوام کے درمیان رابطوں اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بدھ مت کے پیروکاروں کے جذبات کے احترام میں مہاتما بدھ سے متعلق متبرک اشیاء حال ہی میں سری لنکا کی حکومت کو دی گئی ہیں جنہیں 19 مئی سے 30 جون تک ’وساکھ میلہ‘ تقریبات کے دوران سری لنکا کے عوام کی زیارت کے لئے پیش کیا جا رہا ہے۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ سکھ یاتریوں کی مثال کو سامنے رکھتے ہوئے مہاتما بدھ کے پیروکاروں کے لئے اس نئے سلسلے کا آغاز کیا جا رہا ہے اور سری لنکا سے مذہبی رسومات ادا کرنے کے لئے یاتریوں کی پاکستان آمد کا خصوصی پروگرام شروع ہوگیا ہے۔ رواں سال جنوری میں اس سلسلہ میں دونوں ممالک کے درمیان ایک معاہدہ پر دستخط ہوئے تھے۔ اب ہر سال بدھ پیروکار پاکستان یاترا کے لئے آئیں گے۔

اگلے سال سے اس میلے کا دورانیہ بڑھا دیا جائے گا اور اس کا سلسلہ دوسرے ممالک تک بھی پھیلا دیا جائے گا۔ اس طرح مختلف ممالک کے باہمی دوستانہ تعلقات میں مزید قربت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تہذیبی ورثہ سے مالا مال ہے اور ہم تمام اقوام اور مذاہب کے لئے مقدس مقامات اور اشیاء کے تحفظ، دیکھ بھال اور احترام کے حوالہ سے اپنی قومی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں پر سختی سے کاربند ہیں۔

سری لنکا کے وزیر پرائمری انڈسٹریز ڈایا گاماگے نے مہاتما بدھ کے تبرکات زیارت کے لئے سری لنکا کے حوالے کرنے پر صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، عرفان صدیقی اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان تبرکات کو سری لنکا بھجوا کر حکومت پاکستان نے مذہبی رواداری، دوسرے مذاہب کے لئے احترام، امن اور دوستی کی عظیم مثال قائم کی ہے۔

خیر سگالی کے اس اظہار پر سری لنکا کے عوام بے حد خوش اور شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرکاری سطح پر وساکھ میلہ منانے کے لئے تقریبات کا انعقاد بدھ پیروکاروں کے لئے بڑی خوشی کی خبر ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کی دوستی اور دوطرفہ تعلقات کو اس سے مزید فروغ ملے گا۔ سری لنکا سے آیا ہوا وفد بعد ازاں ٹیکسلا بھی گیا جہاں انہوں نے اپنی مذہبی رسومات کے سلسلہ میں مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔

متعلقہ عنوان :