صحت مند مزدور قومی ترقی اور خوشحال پا کستان کا ضامن ہے ،راجہ اشفاق سرور

پیر 30 مئی 2016 16:35

لاہور۔30 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 مئی۔2016ء)صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ صحت مند مزدور قومی ترقی اور خوشحال پا کستان کا ضامن ہے ۔ حکومت پنجاب صوبہ بھر کے سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن ، نئے طبی مراکز کے قیام اور علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔

انہوں نے یہ بات ادارہ پنجاب ایمپلائز سوشل سیکورٹی میں اس حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اراکین صوبائی اسمبلی طارق سبحانی اور چوہدری محمد اکرام ، سیکرٹری لیبر نوازش علی ، کمشنر سوشل سکیورٹی منصور قادر ، ایم ایس سوشل سکیورٹی ہسپتال سیالکوٹ ، مزدور رہنماؤں اور محکمہ لیبر کے متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سوشل سکیورٹی ہسپتال سیالکوٹ میں مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور اس حوالے سے در پیش مسائل کا جائزہ لیا گیا ۔ کمشنر سوشل سکیورٹی منصور قادر نے اجلاس کو بتایا کہ آرتھوپیڈک سمیت ہسپتال کے مختلف شعبوں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کمی کو دور کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ کے تحفظ یافتہ صنعتی کا رکنوں و مزدوروں کو گردوں کے امراض کے علاج معالجے کے لئے ڈائیلسز مشین کی سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ ہسپتال کوجدید الٹرا ساؤنڈ مشین کے علاوہ ایک نئی ایمبو لینس بھی دی جارہی ہے ۔

انہوں نے بتا یا کہ ہسپتال کی ایڈوائزری کمیٹی کو بھی بحال کیا جا رہا ہے جس میں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اورمزدور رہنماؤں کی نمائندگی بھی شامل ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ سوشل سکیورٹی کے تمام ہسپتالوں میں مزدور مریضوں کا ڈیٹا کمپیوٹرا ئزڈ کیا جا رہا ہے جس سے ان کے علاج معالجے میں غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا ۔ وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مزدورو ں اور ان کے اہل خانہ کو علاج معالجے کی تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے علاوہ ان کے جہیز ، تعلیم اور ڈیتھ گرانٹس کے معاملات بھی جلد از جلد نمٹا ئے جائیں ۔

انہوں نے قائد اعظم ورکر ز ویلفیئر سکول سیالکوٹ میں فرنیچر کی ضروریات پوری کرنے اور دیگر متعلقہ تعلیمی سہولیات کی بر وقت فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ۔