قومی اسمبلی کا اجلاس کل پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا ‘ صدارت سپیکر قومی اسمبلی کرینگے

پیر 30 مئی 2016 14:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مئی۔2016ء) قومی اسمبلی کا اجلاس کل منگل 31 مئی کی شام 5 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا جس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق کرینگے پارلیمانی ذرائع کے مطابق 31 مئی کو ہونیوالا قومی اسمبلی کا اجلاس جہلم سے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ اقبال مہدی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کئے جانے کے بعد ملتوی کر دیا جائیگا اس روز مزید کوئی کارروائی نہیں ہو گی۔

نوابزادہ اقبال مہدی چند روز قبل بھارت میں علاج کے دوران انتقال کر گئے تھے دریں اثناء صدر مملکت ممنون حسین (کل)بدھ کوپارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ اجلاس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کریں گے۔ اجلاس بدھ کی صبح 11بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے لئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے، اس موقع پر آئینی اداروں کے سربراہان، سروسز چیفس، سفارتکاروں سمیت اہم شخصیات کو دعوت نامے جاری کر دئیے گئے ہیں۔

مشترکہ اجلاس کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس میں سخت ترین حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔ خصوصی دعوت ناموں کے بغیر کسی کو بھی پارلیمنٹ ہاؤس میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی ‘واضح رہے کہ صدر مملکت کے انتخاب کے لئے پہلے 2جون کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا گیا تاہم بعض وجوہات کی بناء پر صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 54(1) اور 56(3) کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے 2جون کو اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا جس کے بعد صدر مملکت نے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس یکم (جون )بدھ کوطلب کیا ہے۔ادھر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمداسحق ڈار تین جون کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں آئندہ مالی سال 2016-17کا بجٹ پیش کرینگے