پناہ گزینوں کا خیال سابق امریکی فوجیوں سے زیادہ رکھا جاتا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

اب مزید ایسا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،بیان

پیر 30 مئی 2016 12:19

’واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 مئی۔2016ء) امریکی صدر کے عہدے کیلئے رپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکہ میں اکثر غیر قانونی پناہ گزینوں کا خیال سابق امریکی فوجیوں سے زیادہ رکھا جاتا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بیان واشنگٹن میں بائکرز کی ریلی کے دوران دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہم اب مزید ایسا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

‘اپنے اس دعوی کے حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ نے کوئی شواہد پیش نہیں کیے۔گذشتہ سال ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق جنگی قیدی سینیٹر جان مک کین کے ملٹری ریکارڈ پر شدید غصے کا اظہار کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ سینیٹر مک کین کو صرف اس لیے ہیرو کہا جاتا ہے کیونکہ وہ ویتنام جنگ کے دوران جنگی قیدی تھے۔نھوں نے مزید کہا تھا کہ ’میں ان لوگوں کو پسند کرتا ہوں جو پکڑے نہیں گئے۔

(جاری ہے)

‘اس بیان کے بعد سے ڈونلڈ ٹرمپ جو کے کبھی بھی فوج میں نہیں رہے اپنے بیان سے ہونے والے نقصان کا ازالہ کرنے کے لیے اپنی ریلیوں میں سابق فوجیوں کو عزت دینے کے ساتھ ساتھ ان کے لیے فنڈز بھی اکھٹا کرتے رہے ہیں۔ان کا یہ تازہ بیان اتوار کو سالانہ رولنگ تھنڈر موٹر سائیکل ریلی کے دوران سامنے آیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ریلی میں موجود بہت سے لوگوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کا خیر مقدم کیا۔

ان میں سے 52 سالہ لوئس نیمک کا کہنا تھا کہ ’ٹرمپ کے بارے میں جو بات مجھے پسند ہے وہ یہ کہ وہ ہم میں سے ہیں، وہ سیاستدان نہیں ہیں۔‘واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر براک اوباما کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کے عہدے کے لیے رپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات پر عالمی رہنماوٴں کا شور مچانا جائز ہے۔جاپان میں امیر ترین ممالک کے گروپ جی سیون کی سربراہ کانفرنس کے موقعے پر بات کرتے ہوئے صدر اوباما نے کہا تھا کہ مسٹر ٹرمپ نے عالمی امور پر کم علمی کا مظاہرہ کیا ہے۔