وزیراعظم محمد نواز شریف کیلئے دنیا بھر سے صحت کیلئے دعائیں

عالمی رہنماؤں، پارٹی ورکرز، مذہبی، شخصیات اور سیاسی رہنماؤں کی طرف سے وزیراعظم کی جلد صحت یابی کیلئے دعا،سوشل میڈیا‘ فیس بک اور ٹویٹر پر بھی وزیراعظم کیلئے لاکھوں خصوصی دعائیں بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی‘ افغان صدر اشرف غنی‘ عمران خان‘ بلاول بھٹو زرداری‘ بچوں‘ خواتین‘ بزرگوں کی طرف سے وزیراعظم کیلئے نیک تمناؤں اور جلد صحت یابی کیلئے دعا‘ گرجا گھروں میں خصوصی دعائیہ تقریبات کا انعقاد

اتوار 29 مئی 2016 22:38

وزیراعظم محمد نواز شریف کیلئے دنیا بھر سے صحت کیلئے دعائیں

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 مئی۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف جن کی لندن میں منگل کو ہارٹ سرجری ہوگی کیلئے دنیا بھر سے صحت کیلئے دعائیں کی جارہی ہیں، عالمی رہنماؤں، پارٹی ورکرز، مذہبی، شخصیات اور سیاسی رہنماؤں نے وزیراعظم کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے،سوشل میڈیا پر فیس بک، ٹویٹر پر بھی وزیراعظم کیلئے لاکھوں خصوصی دعائیں کی گئی ہیں، بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ میری نیک تمنائیں محمد نواز شریف کیلئے ہیں اور ان کی جلد اور اچھی صحت کا خواہاں ہوں، افغان صدر اشرف غنی نے بھی وزیراعظم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے دعا کی۔

صدر مملکت ممنون حسین نے وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ٹیلی فون پر ان کی مزاج پرسی کی اور ان کے لیے دعائے صحت کی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ٹیلی فون پر کافی دیر تک بات کی اور ان کی طبیعت کے بارے میں دریافت کیا۔وزیر اعظم نے مزاج پرسی پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور اپنی طبیعت اور علاج کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے وزیر اعظم کو بتایا کہ پوری قوم ان کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہے جس پر وزیر اعظم نے قوم کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعاکی۔

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنے سیاسی اختلافات ایک طرف رکھتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ ملک بھر میں اور بیرون ملک وزیراعظم کی صحت کیلئے خصوصی دعائیہ تقریبات ہوئیں، پارٹی ورکرز اور پاکستانی کمیونٹی نے بھی دعا کی۔

واشنگٹن اور قریبی ریاستوں ورجینیا اور میری لینڈ کی مساجد میں دعائیں مانگی گئیں جہاں بڑی تعدادمیں پاکستانی موجود ہیں۔ لوگوں نے وزیراعظم کے کامیاب آپریشن، ان کی جلد صحت یابی اور پاکستان کی خوشحالی کیلئے دعا کی۔ جمعہ کے خطبات میں مذہبی سکالرز نے لوگوں سے درخواست کی کہ وہ وزیراعظم کی مکمل صحت کیلئے دعا کریں۔ اتوار کو لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں کے گرجا گھروں میں خصوصی دعائیں کی گئیں۔

ماسٹر انور فضل، پاسٹر شوکت فضل، پاسٹر منور فضل، سسٹر ندا انور اور پاسٹر عمران نے کوٹ لکھپت چرچ میں وزیراعظم کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرائی۔وارث خان روڈ کے سنٹرل چرچ میں پاسٹر ایمانیول سردار کھوکھر نے دعا کرائی۔ بعض ازاں بشپ سیموئیل رابرٹ آزالیہ نے مسیحی برادری سے درخواست کی کہ وہ وزیراعظم کی صحت یابی کیلئے فردا فردا دعا کی۔پاسٹر ارشاد، ارشد ناز، بشپ سبستیان فرانسس شاہ اور آرچ بشپ آف کیتھولک ڈائیوسیسی نے وزیراعظم کی مکمل صحت یابی کیلئے دعا کی۔

ملک بھر کے تمام آرٹسٹوں بشمول گلوکار راحت فتح علی خان، فاخر محمود نے وزیراعظم کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ بزرگوں اور بچوں نے بھی دعا کی کہ اللہ تعالیٰ وزیراعظم کو جلد مکمل صحت یاب کرے۔ ایک آٹھ سالہ بچے نے اپنے ویڈیو پیغام میں ہاتھ اٹھا کر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ نواز شریف کو جلد صحت دیدے تاکہ وہ ملک کیلئے اچھے کام جاری رکھ سکیں۔

ایک شہری اسحاق حسین ہاشمی نے اپنے خاندان کے ارکان کی جانب سے وزیراعظم کیلئے دعا کی۔ رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ وزیراعظم پر اپنی رحمت کرے اور اچھی صحت عطا کرے جو پاکستان اور اسلامی دنیا کیلئے بہت بڑے رہنما ہیں۔ خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنما شاہرام ترکئی نے کہا کہ ہم سب وزیراعظم کیلئے دعا کرتے ہیں اللہ تعالیٰ انہیں جلد صحت عطا کرے ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں وزیراعظم اور ان کے خاندان کیلئے ہیں۔

وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی جانب سے وزیراعظم کیلئے دعا اور اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ جس انسان کیلئے اتنی دعائیں ہوں اس کو اور کیا چاہئے۔ لاہور میں پارٹی قیادت کی جانب سے خصوصی دعا ہوئی جس میں قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے خطاب کیا اور وزیراعظم کی جلد صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کی۔پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ محسن محسن شاہنواز رانجھا نے اپنے بیان میں کہا کہ پوری قوم بشمول بچے، نوجوان، خواتین اور ہر عمر کے افراد جلد صحت یابی اور جلد وطنی واپسی کیلئے دعا گو ہیں۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے بھی حرم شریف اور مسجد نبوی میں وزیراعظم کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔