مفادات کی خاطر منصوبوں میں روڑے اٹکانے والے مٹھی بھر سیاسی عناصر عوام کی خوشحالی کے دشمن ہیں‘پنجاب میں گیس کی بنیاد پر 3600 میگا واٹ کے منصوبوں پر زور و شور سے کام جاری ہے ،ان منصوبوں سے عوام کو سستی بجلی ملے گی‘

آئندہ نسلوں کو پرامن ، خوشحال اور روشن پاکستان دیں گے ، توانائی سمیت ہر شعبے میں قو م کی امیدوں پر پورا اتریں گے‘ وفاق اور پنجاب حکومت نے منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کر کے مثال قائم کی ہے،اسی پالیسی کو آگے بڑھائیں گے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی بات چیت

اتوار 29 مئی 2016 22:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 مئی۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ تیز رفتار صنعتی و معاشی ترقی کے لئے توانائی بحران کا جلد خاتمہ ناگزیر ہے اوریہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں توانائی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے دن رات ایک کر رکھا ہے اورپاکستان بھر میں بجلی کے منصوبوں پر انتہائی برق رفتاری سے کام کیا جا رہا ہے - چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت 34 ارب ڈالر توانائی کے منصوبوں کیلئے مختص کیے گئے ہیں - حکومت توانائی بحران کے جلد خاتمے کیلئے سنجیدہ ہے اور اس مقصد کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جا رہا ہے اورآئندہ دو برس میں توانائی کے متعدد منصوبوں کی تکمیل سے ہزاروں میگا واٹ بجلی حاصل ہو گی۔

بجلی کی کمی دور کرنے کیلئے کوئلے ، ہائیڈل، سولر ، ہوا، گیس اور دیگر ذرائع سے بجلی کے حصول پر کام کر رہے ہیں- بجلی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل پوری قوم کی آواز اور ہمارا مشن ہے اورپاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں لانے کا سفر ہر صورت مکمل کرے گی- انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں لگنے والے توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے زراعت،صنعت اوردیگر شعبوں کیلئے وافر بجلی دستیاب ہو گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ساہیوال میں 1320میگا واٹ کے کول پاور پلانٹ پر تیز رفتاری سے کام کیا جا رہا ہے -اسی طرح قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں بھی سولر کے منصوبے لگ رہے ہیں جو جلد مکمل ہوں گے-قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں پنجاب حکومت اپنے وسائل سے پہلے ہی 100 میگا واٹ کا سولر منصوبہ مکمل کر چکی ہے اوراس منصوبے سے بجلی حاصل کی جارہی ہے- انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گیس کی بنیاد پر 3600 میگا واٹ کے منصوبوں پر زور و شور سے کام جاری ہے اور ان منصوبوں کی تکمیل سے توانائی بحران میں کمی لانے اور عوام کو سستی بجلی کی فراہمی میں مدد ملے گی- انہوں نے کہا کہ وفاق اور پنجاب حکومت نے توانائی سمیت ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کر کے عوام کی بڑی خدمت کی ہے اور اسی پالیسی پر آئندہ بھی عملدرآمد جاری رہے گا-قوم کو لوڈشیڈنگ اور توانائی بحران سے نجات دلانے کیلئے ہماری جدوجہد اور محنت ضرور رنگ لائے گی- آئندہ نسلوں کو پرامن ، خوشحال اور روشن پاکستان دیں گے - انہوں نے کہا کہ توانائی سمیت ہر شعبے میں قو م کی امیدوں پر پورا اتریں گے اورملک کے طول و عرض میں پھیلے اندھیروں کو دور کرنے کے وعدے کو ہر صورت پورا کریں گے -وزیر اعلی نے کہا کہ بلا جواز دھرنوں کے باعث توانائی کے منصوبوں میں تاخیر ہوئی اور اگر دھرنا دینے والے ہوش کے ناخن لیتے تو توانائی کے متعدد منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہوتے- منفی سیاست کرنیوالوں کو عوام کی مشکلات اور تکالیف کا ذرا بھر احساس نہیں - انہوں نے کہا کہ ترقی اور روشنی کے سفر میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کرنے والے عوام کے خیر خواہ نہیں - اپنے مفادات کی خاطر ترقیاتی منصوبوں میں روڑے اٹکانے والے مٹھی بھر سیاسی عناصر عوام کی خوشحالی کے دشمن ہیں - انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی تقدیر بدلنے والے منصوبوں کی تکمیل کیلئے ہر حد تک جائیں گے - وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا سفر جاری رہے گا-