پیپلز پارٹی کا نوازشریف سے سیاسی اتحاد ممکن نہیں، وفاقی حکومت کی پالیسیاں عوام دوست نہیں،عابد شیر علی وزیر اعظم کو نقصان پہنچانے کی کوشش میں مصروف ہیں

مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 29 مئی 2016 21:18

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 مئی۔2016ء) مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی پالیسیاں عوام دوست نہیں تو ان کا بجٹ کیسے عوام دوست ہوسکتا ہے اس لئے عوام کو حکومت سے اچھائی کی کوئی امیدنہیں اور نا ہی رکھنی چاہئے،وہ اتورا کو حیدرآباد میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے،مشیراطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ بجلی کے حوالے سے وفاقی حکومت کا رویہ تعصبانہ ہے عابد شیر علی وزیر اعظم کو نقصان پہنچانے کی کوشش میں مصروف ہیں ملک کے بڑے صوبے کیلئے پالیسیاں کچھ اور ہیں اور دوسرے صوبوں کے لئے کچھ اور۔

سندھ کو شدید گرمی میں بجلی سے محروم رکھا جارہا ہے، وفاقی حکومت حیسکو کی پالیسیوں پر نظر ثانی کرے، وزیر اعظم نواز شریف بہترین شخصیت کے مالک ہیں لیکن نااہل مشیروں کے کہنے پر سیاسی غلطیاں کرتے ہیں، حکومت میں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو دہشت گردوں کے حمایتی ہیں اور پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت سے اچھے کام کی امید نہیں، آنیوالا بجٹ عوام دشمن بجٹ ہوگا، کیونکہ جب (ن) لیگ کی پالیسیاں عوام دوست نہیں تو ان کا بجٹ عوام دوست کیسے ہوسکتا ہے، کسان پیکج ہو یا کوئی اور منصوبہ مخصوص لوگوں کو ہی فائدہ حاصل ہوتا ہے عوام کو وفاقی حکومت سے اچھائی کی کوئی امید نہیں اور نہ ہی ایسی امید رکھنی چاہئے،مشیراطلاعات نے کہا کہ بیمار شخص کی عیادت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے، نوازشریف کی صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں اگر وہ نواز شریف کی عیادت کیلئے جائیں تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں، مولانا فضل الرحمان سیاسی معجزات دکھاتے رہتے ہیں، لیکن اس وقت صورتحال میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں، نوازشریف سے سیاسی اتحاد ممکن نہیں، اگر وزیر اعظم کی غیر موجودگی میں چوہدری نثار وزیراعظم بن جائیں تو بھی پیپلزپارٹی کوکوئی فرق نہیں پڑتا۔