پاکستان نے ڈرون حملے میں تحریک طالبان افغانستان کے سابق امیر ملا اختر منصور کی ہلاکت کی باضابطہ تصدیق کر دی

ملا اختر منصور کی ہلاکت کی تصدیق ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے کی گئی جس کا سیمپل ملا منصور کے قریبی عزیز سے لیا گیا جو اسکی میت لینے افغانستان سے آیا تھا،ترجمان وزارت داخلہ

اتوار 29 مئی 2016 20:35

پاکستان نے ڈرون حملے میں تحریک طالبان افغانستان کے سابق امیر ملا اختر ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 مئی۔2016ء) پاکستان نے بلوچستان میں ڈرون حملے میں تحریک طالبان افغانستان کے سابق امیر ملا اختر منصور کی ہلاکت کی باضابطہ تصدیق کر دی، ملا اختر منصور کی ہلاکت کی تصدیق ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے کی گئی ،ملا اختر منصور کی میت ورثہ کے حوالے کر دی گئی ۔اتوار کو ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق بلوچستان میں ڈرون حملے میں جاں بحق ہونے والے دوسرے شخص کی بھی حتمی شناخت ہو گئی، ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق اس بات کی بھی تصدیق ہوگئی کہ حملے میں ہلاک ہونے والا شخص تحریک طالبان افغانستان کا سابق امیر ملا اختر منصور تھا۔

شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے ہوئی جس کا سیمپل ملا منصور کے قریبی عزیز سے لیا گیا جو اسکی میت لینے افغانستان سے آیا تھا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 22مئی کو بلوچستان میں پاک افغان سرحد کے قریب امریکی ڈروان حملے میں تحریک طالبان افغانستان کے سابق امیر ملا اختر منصور اور ڈرائیور ولی محمد کی ہلاکت ہوگئی تھی جس کی امریکہ نے تصدیق کی مگر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے تحریک طالبان افغانستان کے امیر ملا اختر منصور کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی تھی ،وزارت داخلہ نے ملا اختر منصور کی شناخت کیلئے انکے ڈی این اے ٹیسٹ لئے تھے جن کی رپورٹ گزشتہ روز وزارت داخلہ کو موصول ہو گئی ہے۔