28مئی 1998ء کو ایٹمی دھماکے کرکے نواز شریف نے پاکستان کو باعزت مقام دلوایا‘بھارت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا‘وزیراعظم پاکستان کی جلد صحت یابی کیلئے دُعاگو ہیں

وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان برجیس طاہر کاننکانہ صاحب میں یوم تکبیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب

اتوار 29 مئی 2016 19:27

سانگلہ ہل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے ننکانہ صاحب کی تحصیل سانگلہ ہل میں یوم تکبیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18سال قبل محمد نواز شریف نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے بدلے6ایٹمی دھماکے کرنے کا فیصلہ کیا اُس فیصلے نے نہ صرف پاکستان کے دفاع کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ناقابل تسخیر بنادیا بلکہ پاکستان کو عزت کے ساتھ جینا اور باعزت مقام بھی دلوادیا۔

انہوں نے کہا کہ ان ایٹمی دھماکوں کے بعد بھارت کی پاکستان کو کمزور اور غیر مستحکم کرنے کی درینہ خواہش ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاک میں مل چکی ہے اور بھارت پاکستان کے خلاف Limited War سمیت کسی بھی جارحانہ کارروائی کی ہمت بھی نہیں کرسکتا کیونکہ اسے علم ہے کہ بھارت کی اس قسم کی کارروائی کے کتنے خطر ناک نتائج برآمد ہوں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو اُس وقت دھماکے نہ کرنے کے بدلے اربوں ڈالرز دینے کی آفر کی گئی جس کو محمد نواز شریف کی دلیرانہ قیادت نے مسترد کردیا اور پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کو ترجیح دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دفاعی اعتبار سے مضبوط کرنے کے بعد محمد نواز شریف پاکستان کو دُنیا کی ایک مضبوط معاشی طاقت بھی دیکھنا چاہتے ہیں اور یہ ہی وجہ ہے کہ انہوں نے پاکستان کو ترقی کا ایک ایسا وژن دیا ہے کہ جس پر عملدرآمد کرکے بلاشبہ پاکستان مستقبل قریب میں ہی دُنیا کی ایک اہم معیشت گنی جائے گی جس کا اعتراف متعدد بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور جریدوں نے بھی کیا ہے۔

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ یہ نواز شریف کی ہی قیادت ہے کہ جس نے پاکستان کو پاک چین اقتصادی راہداری سمیت دیگر میگا پراجیکٹس دیئے ہیں جن کی تکمیل سے پاکستان بلاشبہ خطے کی سب سے مضبوط طاقت بن کر ابھرے گا۔ اس موقع پر تقریب کے شرکا نے وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی جلد صحت یابی کیلئے خصوصی دُعا کی تاکہ وہ جلد سے جلد صحت یاب ہوکر اپنے وژن کے مطابق پاکستان کو اقوام عالم میں ایک مضبوط دفاعی اور معاشی طاقت بناسکیں۔