ٹوئٹر اور فیس بک پر وزیراعظم نوازشریف کی صحت یابی کیلئے دعاؤں کا ٹرینڈ ٹاپ ریٹڈ بن گیا

پوری قوم اپنے وزیراعظم کی صحت یابی کے لئے دعاگو ، اعلی حکومتی شخصیات کی وزیراعظم کی جلد صحت یابی کے لئے دعائیں ، عمران خان اور بلاول بھٹوزرداری سمیت دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے بھی سیاسی اختلافات کو پس ِ پشت ڈالتے ہوئے وزیراعظم کی صحت یابی کیلئے دعائیہ ٹویٹ کئے

اتوار 29 مئی 2016 18:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 مئی۔2016ء) سماجی رابطوں کی ویب سائٹس ٹوئٹر اور فیس بک پر وزیراعظم نوازشریف کی صحت یابی کے لئے دعاؤں کا ٹرینڈ ٹاپ ریٹڈ بن گیا،پوری قوم اپنے وزیراعظم کی صحت یابی کے لئے دعاگو ہوگئی، اعلی حکومتی شخصیات کی وزیراعظم کی جلد صحت یابی کے لئے دعائیں ،عمران خان اور بلاول بھٹوزرداری سمیت دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے بھی سیاسی اختلافات کو پس ِ پشت ڈالتے ہوئے وزیراعظم کی صحت یابی کیلئے دعائیہ ٹویٹ کئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے تیسری مرتبہ منتخب ہونے والے وزیراعظم نوازشریف کی کل منگل کولندن میں اوپن ہارٹ سرجری ہوگی،جس کے لئے پوری قوم دعاگو ہوگئی ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین وفاقی وزراء ،وزرائے مملکت ، ارکان قومی اسمبلی نے وزیر اعظم نواز شریف کے کامیاب آپریشن اور جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے ۔

(جاری ہے)

اپوزیشن رہنماؤں نے بھی سیاسی اختلافات پس پشت ڈالتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کی جلد صحت یابی کے لئے دعائیں کی ہیں ۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی وزیر اعظم کی صحت یابی کے لئے دعائیہ ٹویٹس کیے ہیں ۔ دوسری طرف سماجی رابطوں کی ویب سائٹس ٹویٹر اور فیس بک پر بھی وزیر اعظم نواز شریف کی صحت یابی کے لئے دعائیہ پوسٹیں ٹاپ ریٹڈ بن گئی ہیں۔ وزیراعظم کی صحت یابی کے حوالے سے (ن) لیگ کے متوالوں کی جانب سے تو جئے سدانوازشریف کا ٹرینڈ رہا،اور بعض کارکنوں کی جانب سے ہر دل کی آواز جئے نوازکا بھی ٹرینڈ رہا ۔

لاہور اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں کے گرجا گھروں میں بھی وزیر اعظم کی صحت یابی کے لئے دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔ ۔پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھی اپنے دعائیہ ٹویٹ میں انکے کامیاب آپریشن اورجلد صحت یابی کی دعا دی ہے۔دیگر اعلی حزب اختلاف اورحزب اختلاف کے رہنماؤں نے بھی ٹوئٹر پر نوازشریف کے کامیاب آپریشن اور جلد صحت یابی کی دعادی ہے۔وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے بھی وزیراعظم کی جلد صحت یابی کی دعادی ہے۔