مولانا سمیع الحق نے اہم دینی اور قومی جماعتوں سے مشاورت کیلئے اہم اجلاس(کل ) اسلام آباد میں طلب کرلیا

یہ امر افسوسناک ہے کہ پاکستان کو درپیش نازک ترین چیلنجوں کے موقع پر حکمران اور تمام سیاستدان سرد مہری اور چپ سادھ کر بیرون ممالک کے سیر سپاٹوں میں مصروف ہیں، ملک گروہی اور فرقہ ورانہ لڑائیوں اور باہمی جنگ و جدال کا متحمل نہیں ہو سکتا ، عالم کفر اسلام اور مسلمانوں کے خلاف متحد ہوچکا ہے، اس کا مقابلہ صرف دینی قوتوں اور پوری امت مسلمہ کے اتحاد سے کیا جاسکتا ہے ،جمعیت علماء اسلام (س)کے امیر مولانا سمیع الحق

اتوار 29 مئی 2016 18:23

اکوڑہ خٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 مئی۔2016ء) جمعیت علماء اسلام (س)کے امیر مولانا سمیع الحق نے پاکستان کی سا لمیت اور خود مختاری کو ڈرون حملوں سے پامال کرنے پر ملک کے اہم دینی اور قومی جماعتوں اور شخصیات سے مشاورت کے لئے اہم اجلاس(کل ) پیر کو سہ پہر تین بجے اسلام آباد میں طلب کرلیا ہے،اجلا س میں ملک بھر سے اہم سیاسی دینی وملی شخصیات نے اپنی شرکت کو یقینی بنانے کا اظہار کردیا ہے اوراجلاس میں ان کی شرکت متوقع ہے ۔

مولانا سمیع الحق نے کہا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ پاکستان کو درپیش نازک ترین چیلنجوں کے موقع پر حکمران اور تمام سیاستدان سرد مہری اور چپ سادھ کر بیرون ممالک کے سیر سپاٹوں میں مصروف ہیں، مولانا نے کہاکہ یہ وقت پوری قوم کو سد سکندری بن جانے کا ہے اور ایسے وقت میں گروہی اور فرقہ ورانہ لڑائیوں اور باہمی جنگ و جدال کا ملک متحمل نہیں ہو سکتا ۔

(جاری ہے)

مولانا سمیع الحق نے کہاکہ اسوقت عالم کفر اسلام اور مسلمانوں کے خلاف متحد ہوچکا ہے۔ اس کا مقابلہ صرف دینی قوتوں اور پوری امت مسلمہ کے اتحاد سے کیا جاسکتا ہے علماء کرام اور دین کے طلباء ‘ دینی قوتیں ملت کی بقاء ‘امت کی سلامتی مذہب کی حفاظت ‘ پاکستان اور عالم اسلام کی آزادی کی جنگ لڑ رہی ہیں ۔مولانا سمیع الحق نے کہاکہ اس وقت سب سے اہم مسئلہ پاکستان کے اسلامی تشخص اور نظریاتی حیثیت کا تحفظ اورا س کو غیروں کے تسلط سے نکالنا ہے،لبرل اور سیکولر بنانے کی کوششوں اور سازشوں کے سامنے بند باندھنا پوری پاکستانی قوم کا فریضہ ہے۔