نوشکی ڈرون حملے کا مقدمہ امریکا کے خلاف درج

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 29 مئی 2016 17:29

نوشکی ڈرون حملے کا مقدمہ امریکا کے خلاف درج

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29مئی۔2016ء) بلوچستان کے علاقے نوشکی میں ہونے والے ڈرون حملے کا مقدمہ امریکا کے خلاف درج کر لیا گیا۔ یاد رہے کہ 21 مئی کو نوشکی کے علاقے مِل میں امریکا نے ڈرون حملہ کیا تھا، اس حملے میں ایک ٹیکسی کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس سے ڈرائیور محمد اعظم اور مسافر ولی محمد ہلاک ہوئے تھے، بعد ازاں یہ تصدیق ہوئی کہ ولی محمد افغان طالبان کے امیر ملا اختر منصور تھے۔

ڈرون حملے میں مارے جانے والے ٹیکسی ڈرائیور محمد اعظم کے بھائی محمد قسم کی مدعیت میں امریکی حکام کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ نوشکی میں لیویز کے مال تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا، جس میں انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔ ان کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ محمد اعظم کے 4 بچے تھے، جبکہ وہ گھر کا واحد کفیل تھا، انہوں نے حملے میں ملوث حکام کےخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے ڈرائیور محمد اعظم کے چچا حاجی خدائے نذر نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ ہمیں انصاف چاہیے۔ خدائے نذر کا مزید کہنا تھا کہ ہم ڈرون حملہ کرنے والوں کو انصاف کے کٹھرے میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا بھتیجا محمد اعظم مکمل طور پر بے قصور تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے کسی بھی دہشت گرد گروہ سے کوئی تعلقات نہیں تھے۔

متعلقہ عنوان :