جنرل ہسپتال :پہلااسماء کنول شہید گولڈ میڈل شہربانو نے حاصل کر لیا،دیگرپوزیشن ہولڈرزمیں بھی انعامات تقسیم

وزیر اعلی نے نرسوں کی تنخواہوں میں اضافہ اور ان کے حالات کار کی بہتری کے لئے انقلابی اقدامات کئے ہیں نرسیں مریضوں کے لئے امید کی کرن اور شعبہ طب میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں‘پروفیسر خالد محمود

اتوار 29 مئی 2016 17:08

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 مئی۔2016ء) پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کے ہاتھوں پہلا اسماء کنول شہید گولڈ میڈل نرسنگ سکول جنرل ہسپتال کی سیکنڈائیر کی طالبہ شہر بانو نے وصول کیا ،سال اول ، دوم اور سوئم میں نمایاں کارکردگی کی بناء پر طالبات کو بھی میڈل سے نوازا گیا۔

تفصیلات کے مطابق نرسنگ سکول ایل جی ایچ کے زیر انتظام ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پروفیسر خالد محمود ، ڈائریکٹر جنرل نرسنگ پنجاب نصرت سعیدہ، ایم ایس کپٹن (ر) ڈاکٹر نیاز احمد ،انتظامی ڈاکٹرز ،کنٹرولرنرسنگ پنجاب زبیدہ سوار خان ،سابق پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ کالج آف نرسنگ عشرت اسحاق ، رئیسہ اشتیاق ، فرحت محبوب، رضیہ بانوسمیت صوبائی دارالحکومت کے مختلف ہسپتالوں کی نرسوں و طالبات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

دوران تقریب پروفیسر خالد محمود نے شہربانو کو اسماء کنول شہیدگولڈ میڈل دینے کے علاوہ نرسنگ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات صبا ذوالفقار ،عصمت فاطمہ، اقراء صفیہ،لبنی شفقت، بینش لطیف، اقصی خالد ، شمسہ منیر اور عاصمہ فریدکوبھی میڈل دیئے ۔تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر خالد محمود نے پرنسپل نرسنگ سکول رئیسہ اشتیاق اور انسٹرکٹرز کی تعریف کی اور کہا کہ اساتذہ کسی بھی معاشرے میں اپنی پہچان آپ ہوتے ہیں کیونکہ وہ ایک پتھر کو تراش کر ہیرا بناتے ہیں اور وہی ہیرا دنیا میں نایاب ہو جاتا ہے لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ استاد کے لئے ایک دن منانے کی بجائے ہم اپنی اقدار کو مد نظر رکھتے ہوئے اساتذہ کی عزت و تکریم ہمہ وقت کریں کیونکہ ہمارے دین اسلام میں استاد کو روحانی باپ کا درجہ حاصل ہے اور اب یہ اولاد کافرض ہے کہ وہ بدعت اور جدعت کی بجائے حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے روایتی اقدامات کی بجائے اپنے قول و فعل سے ثابت کرے کہ وہ اساتذہ کی کتنی قدر کرتا ہے۔

پرنسپل پی جی ایم آئی نے نرسوں کو شعبہ طب میں ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ دکھی انسانیت کے لئے شفا اور امید کی کرن کا روشن کردار ادا کرتی ہیں ۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف اور محکمہ صحت پنجاب نے نرسوں کی تنخواہوں میں اضافے اوران کے حالات کار میں بہتری کے لئے انقلابی اقدامات کئے ہیں ۔ نرسوں کو خود بھی اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور استعداد کار میں اضافے کے لئے اپنی تعلیم و تربیت پر بھرپور توجہ دینی چاہیے تا کہ وہ نرسنگ کے میدان میں درپیش چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے خود کو تیار کر سکیں ۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں بھی نرسنگ طالبات مزید لگن کے ساتھ تعلیم حاصل کریں گی تا کہ ان کا نام بھی اسماء کنول کی طرح نہ صرف اپنی ، والدین اور اساتذہ کی بلکہ ادارے کی پہچان کا بھی سبب بن سکے ۔اس موقع پر ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ فرحت محبوب نے نرسوں اور نرسنگ طالبات کو حکومت اور ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے فراہم کی جانے والی سہولیات پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ نرسوں کی بہتر تعلیم و تربیت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گی۔

متعلقہ عنوان :