لاہور کے مختلف علاقوں میں چھٹی کے روز بھی پانی کی شدید قلت ،شہری خالی برتن لے کر سڑکوں پر نکل آئے

اقبال ٹاؤن ،اچھرہ ،مقبول روڈ ،ریلوے کالونی ،سنت نگر مزنگ سمیت متعدد علاقوں کے مکینوں کا احتجاج ، شدید نعرے بازی 15نئے ٹیوب ویل چلا دئیے گئے ،پانی کی کمی والے علاقوں میں آئندہ چند دنو ں میں 18مزید نئے چلا دئیے جائینگے ‘ایم ڈی واسا ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھے ، محض 50لوگوں کے کسی جگہ پر احتجاج سے شہربھر میں پانی کی صورتحال کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا‘ چوہدری نصیر احمد کی گفتگو

اتوار 29 مئی 2016 17:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 مئی۔2016ء ) لاہور کے مختلف علاقوں میں چھٹی کے روز بھی پانی کی شدید قلت کے خلاف شہری خالی برتن لے کر سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی جبکہ ایم ڈی واسا چوہدری نصیر احمد کا کہنا ہے کہ 15نئے ٹیوب ویل چلا دئیے گئے ہیں جبکہ پانی کی کمی والے علاقوں میں آئندہ چند دنو ں میں 18مزید نئے چلا دئیے جائیں گے ، ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھے ، محض 50لوگوں کے کسی جگہ پر احتجاج سے شہربھر میں پانی کی صورتحال کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لاہور کے متعدد علاقوں اقبال ٹاؤن ،اچھرہ ،مقبول روڈ ،ریلوے کالونی ،سنت نگر مزنگ سمیت متعدد علاقوں میں پانی غائب رہا جس کے بعث شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ۔

(جاری ہے)

اقبال ٹاؤن پاک بلاک کے رہائشیوں نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ تین سال قبل کروڑوں روپے کی لاگت سے اقبال ٹاؤن پاک بلاک میں لگایا جا نیوالا واٹرفلٹریشن پلانٹ ایک سال سے بندپڑا ہے ، اس کی مشینری اور پرزے بھی نا کا رہ ہو گئے ہیں ، متعدد بار واسا اور ٹاؤن انتظامیہ کو نوٹس دئیے گئے ہیں لیکن ہماری کہیں بھی شنوائی نہیں ہورہی ۔

ریلوے انجن شیڈ کالونی میں بھی مظاہرین نے احتجاج کیا ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہما رے علاقے میں بھی پانی کی گزشتہ ایک ہفتے سے شدید قلت ہے جس کے باعث پانی پینے کو تر س گئے ہیں ۔ مظاہرین خالی برتن اٹھاکر نعرے بازی کرتے ہوئے دھمکی دی کہ 24گھنٹوں میں مسئلہ حل نہ ہوا تو انجن شیڈ کالو نی سے گزرنے والے تمام رستے بلاک کر دیں گے ۔ اچھرہ کے علاقے مقبول روڈ میں بھی پانی کی شدید قلت پر علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا ک ہ24گھنٹوں میں صرف ایک گھنٹہ پا نی آتا ہے جس کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہیں ۔

دوسری جانب ایم ڈی واسا چوہدری نصیر احمد کا کہنا ہے کہ یہ درست ہے کہ شہر میں پانی کی کمی ہے لیکن ہم بھی کوئی ہاتھ پر ہا تھ رکھ کر نہیں بیٹھے ،پو ری محنت سے کا م کر رہے ہیں جہاں پانی کی کمی ہے وہاں ٹینکر ز کے ذریعے پانی دے رہے ہیں ، تمام شکایات کا بروقت ازالہ کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک بلاک اقبال ٹاؤن میں ٹیوب ویل کم ہیں لیکن وہاں واٹر فلٹریشن پلانٹ ہما رے نہیں بلکہ ٹی ایم اے کے ہیں ، اسی طرح ریلوے انجن شیڈ کالونی میں بھی واٹر فلٹریشن پلانٹ ہما رے نہیں لگے ہوئے بلکہ ان کا اپنا پانی کا نظام ہے وہاں واسا کا ایک بھی پلانٹ نہیں لگا ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پانی کی کمی کی ایک یہ بھی وجہ ہے کہ گرمی بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے پانی کااستعمال بہت بڑھ گیا ہے ، لو گ پانی ضائع بھی بہت کر تے ہیں ، لاہور میں ایشیاء میں سب سے زیادہ پانی استعمال ہو تا ہے جس کی وجہ سے لاہور میں پانی کا لیول بہت نیچے چلا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 15نئے ٹیوب ویل چلا دئیے گئے ہیں جبکہ پانی کی کمی والے علاقوں میں آئندہ چند دنو ں میں 18مزید نئے چلا دئیے جائیں گے ، شاہ جمال کے علاقہ میں بھی نیا ٹیوب ویل لگا رہے ہیں ،میں خود بھی پانی کی فراہمی کا جائزہ لینے کیلئے فیلڈ میں جاتا ہوں ، محض 50لوگوں کے کسی جگہ پر احتجاج سے شہربھر میں پانی کی صورتحال کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔