جوہری تجارت کرنے والے ممالک کے گروپ میں پاکستان کی شمولیت کا فیصلہ اتفاق رائے سے کیا جائے گا۔امریکی محکمہ خارجہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 29 مئی 2016 13:46

جوہری تجارت کرنے والے ممالک کے گروپ میں پاکستان کی شمولیت کا فیصلہ ..

واشنگٹن (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔29مئی۔2016ء) امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ جوہری تجارت کرنے والے ممالک کے گروپ میں پاکستان کی شمولیت کا فیصلہ اتفاق رائے سے کیا جائے گا۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے یہ بات بریفنگ کے دوران کہی۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ پاکستان نے جوہری تجارت کرنے والے ممالک کے گروپ میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور کوئی بھی ملک اس گروپ میں شامل ہونے کی درخواست دے سکتا ہے۔

اس گروپ میں ممبر شپ اتفاق رائے سے دی جاتی ہے۔یاد رہے کہ پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے حال ہی میں کہا تھاکہ اس نے جوہری تجارت کرنے والے ممالک کے گروپ میں شمولیت کے لیے باضابطہ درخواست دے دی ہے۔نیوکلیئر سپلائیزر گروپ میں 48 ممالک شامل ہیں اور اس گروپ کا مقصد جوہری ہتھیاروں کے پھیلاو کو جوہری ہتھیاروں میں استعمال ہونے والے عناصر کی برآمد اور منتقلی پر کنٹرول کے ذریعے روکنا ہے۔

(جاری ہے)

ایک اور سوال کے جواب میں ترجمان مارک ٹونر نے کہا کہ این ایس جی میں شمولیت کا تعلق ہتھیاروں کی دوڑ یا ایٹمی ہتھیاروں سے نہیں ہے۔این ایس جی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پاکستان کے وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کے پاس مہارت، انسانی قوت، انفراسٹرکچر اور اس کے ساتھ ساتھ این ایس جی کنٹرولڈ ساز و سامان اور خدمات اور جوہری تنصیبات کے پرامن استعمال کی فراہمی کی صلاحیت موجود ہے۔

وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان این ایس جی پر زور دیتا ہے کہ وہ این ایس جی کی رکنیت کے لیے ان ممالک کے لیے غیر امتیازی طرز عمل اختیار کرے جو کبھی نان پرولیفریشن ٹریٹی (این پی ٹی) کا حصہ نہیں رہے ہیں۔خیال رہے کہ پاکستان اور انڈیا نے این پی ٹی پر دستخط نہیں کیے ہیں۔گذشتہ سال امریکی صدر براک اوباما نے پاکستان سے اس کے جوہری پروگرام کو محدود کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس سے خطے میں عدم استحکام پیدا ہوسکتا ہے۔

واشنگٹن کو پاکستان کی نئے جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے خدشہ ہے جس میں نئے چھوٹے ٹیکٹیکل جوہری ہتھیار شامل ہیں اور وہ کوشش کر رہا ہے کہ اسلام آباد جوہری پروگرام کو ’محدود‘ کرنے کا یک طرفہ اعلان کرے۔خیال رہے کہ این ایس جی کا قیام سنہ 1974 میں انڈیا کی جانب سے اس کے پہلے جوہری تجربے کے بعد عمل میں آیا تھا اور آئندہ جون میں اس کا اجلاس منعقد ہوگا۔