نادرا اگلے 6 ماہ میں ملک بھر میں ڈھائی کروڑ خاندانوں کے قومی شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کرے گا طریقہ کار طے کرلیا گیا

دوبارہ تصدیق کے عمل کے دوران صارفین کو غیرضروری طور پر پریشان نہیں کیا جائے نہ ہی کوئی شناختی کارڈ بلاک ہوگا ڈھائی کروڑ خاندانوں کے سربراہان کو ایس ایم ایس یا خط ارسال کیا جائیگا مشکوک شخص کو نادرا کے زونل بورڈ کے سامنے پیش ہونا پڑیگا

اتوار 29 مئی 2016 13:44

نادرا اگلے 6 ماہ میں ملک بھر میں ڈھائی کروڑ خاندانوں کے قومی شناختی ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 مئی۔2016ء) نادرا اگلے 6 ماہ میں ملک بھر میں ڈھائی کروڑ خاندانوں کے قومی شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کرے گا اس ضمن میں طربقہ کار طے کر لیا گیا ہے ذرائع نے بتایا کہ دوبارہ تصدیق کے عمل کے دوران صارفین کو غیرضروری طور پر پریشان نہ کیا جائے، کسی کا شناختی کارڈ بھی بلاک نہ کیا جائے۔ذرائع کے مطابق پہلے طریقے میں ڈھائی کروڑ خاندانوں کے سربراہان کو ایس ایم ایس یا خط ارسال کیا جائے گاجس میں سوال کیا جائیگا کہ نادرا ریکارڈ میں ظاہر ہونے والے افراد ان کے خاندان میں شامل ہیں یانہیں۔

افراد ایس ایم ایس یا خط میں دئیے جانے والے آپشنز کو استعمال کرتے ہوئے تصدیق کریں گے کہ متعلقہ افراد ان کے خاندان کا حصہ ہیں، یاکوئی اجنبی بھی ان کے خاندان کے نادرا ریکارڈ میں موجود ہے۔

(جاری ہے)

نادرا ایسے علاقوں کی نشاندہی کریگا، جن کے بارے میں اطلاعات ہوں کہ یہاں جعلی شناختی کارڈ رکھنے والے موجود ہیں، ان مشکوک علاقوں کی کڑی نگرانی کی جائیگی، جن افراد پر شک ہوگا انھیں نادرا کے زونل بورڈ کے سامنے پیش ہوکر اپنی تصدیق کرانے کی ہدایت دی جائیگی، نادرا اس کام کیلئے تشہیر کا سہارا بھی لے گا۔

خصوصی ٹیلی سینٹرز قائم کیے جائیں گے جہاں افراد کال کرکے مشکوک شناختی کارڈ رکھنے والے کے بارے میں اطلاع دے سکیں گے۔ کال کو ریکارڈ کیا جائے گا اور اطلاع درست ثابت ہونے پر اطلاع دینے والے کو انعام بھی دیا جائے گا۔ نادرا کے زونل بورڈز میں بھی جعلی شناختی کارڈز رکھنے والوں کی اطلاع دی جا سکے گی۔اس مرحلے کے بعد جس کا شناختی کارڈ جعلی ثابت ہوا اس کے ساتھ ریکارڈ میں موجود خاندان کے دیگر افراد کی بھی دوبارہ تصدیق کی جائیگی، اس پورے معاملے کی نگرانی کے لیے ڈی جی کی سربراہی میں علیحدہ یونٹ قائم کیا جائے گا۔نادرا کو تصدیق کرنے کا نظام بنانے کیلئے 2 ماہ کا وقت دیا گیا ہے جس کے بعد اگلے 4 ماہ میں تمام شناختی کارڈز کی تصدیق مکمل کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :