تحر یک انصاف کا وفاقی وزراء کی عمر ان خان پر تنقید کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں اٹھانے کا فیصلہ

(ن) لیگ کی حکومت اور اسکے لوگ ملک میں سیاسی ماحول خراب کر نے کی کوشش کر رہے ہیں اور خواجہ سعد رفیق اور عابد شیر علی جیسے لوگوں کی باتوں سے لگتا ہے کہ پانامہ لیکس کیلئے ٹی او آرز کے معاملے پر بھی حکومت کی نیت ٹھیک نہیں ہے ‘(ن) لیگ کی حکومت اس میں سنجیدہ نظر نہیں آتی ‘ پار لیمانی کمیٹی سے کچھ نہیں نکلے گا تو ہمارے پاس سڑکوں پر آنے سمیت دیگر آپشنز بھی موجود ہیں ‘شاہ محمودقر یشی کی گفتگو

اتوار 29 مئی 2016 13:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 مئی۔2016ء) تحر یک انصاف کا وفاقی وزراء کی عمر ان خان پر تنقید کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں اٹھانے اور شدید احتجاج کا فیصلہ ۔تحر یک انصاف کے وائس چےئر مین شاہ محمودقریشی نے اتوار کے روز گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ کی حکومت اور اسکے لوگ ملک میں سیاسی ماحول خراب کر نے کی کوشش کر رہے ہیں اور خواجہ سعد رفیق اور عابد شیر علی جیسے لوگوں کی باتوں سے لگتا ہے کہ پانامہ لیکس کیلئے ٹی او آرز کے معاملے پر بھی حکومت کی نیت ٹھیک نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی وزراء کی باتیں انتہائی افسوسناک ہیں اور تحر یک انصاف ایسے ماحول کو مزید برداشت نہیں کر یگی بلکہ اسکے خلاف آج پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں بھی شدید احتجاج کر یں گے اور حکومتی لوگوں سے مطالبہ کیا جائیگا کہ وہ وفاقی وزراء کو خاموش کروائے ورنہ معاملات مزید خراب ہوں گے جسکی ذمہ داری (ن) لیگ وزراء پر عائد ہوگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف نیک نیتی کے ساتھ پانامہ لیکس کے ٹی او آرز کی پارلیمانی کمیٹی میں شامل ہوئی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ جلد ازجلد ٹی او آرز کا مسئلہ حل ہو جائے مگر (ن) لیگ کی حکومت اس میں سنجیدہ نظر نہیں آتی جبکہ پار لیمانی کمیٹی سے کچھ نہیں نکلے گا تو ہمارے پاس سڑکوں پر آنے سمیت دیگر آپشنز بھی موجود ہیں ۔