وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے صوبے میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھانے کا تہیہ کررکھا اور اس سلسلے میں فنڈز کی کوئی کمی نہیں‘شیرعلی

ضلع اٹک میں ترقیاتی کاموں کے لئے اربوں روپے مختص کئے گئے ہیں، اور ضلع کی عوام کے لئے ہر وہ سہولت بہم پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے جو کسی بھی بڑے شہر کی ضرورت ہوتی ہے -صوبائی وزیر معدنیات

ہفتہ 28 مئی 2016 23:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مئی۔2016ء) صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے صوبے میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھانے کا تہیہ کررکھا اور اس سلسلے میں فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے اور ضلع اٹک میں ترقیاتی کاموں کے لئے اربوں روپے مختص کئے گئے ہیں ،صوبائی وزیر نے کہا کہ ضلع اٹک میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جارہا ہے اور ضلع کی عوام کے لئے ہر وہ سہولت بہم پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے جو کسی بھی بڑے شہر کی ضرورت ہوتی ہے -ان خیالات کا اظہار ااٹک میں ضلعی ترقیاتی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا -اجلاس میں ڈی سی او اٹک رانااکبر حیات , ممبر صوبائی اسمبلی ملک ظفر اقبال,اسسٹنٹ کمشنرز, ای ڈی اوز,ٹی ایم اوز کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران موجود تھے - صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی نے کہا کہ ضلع میں ترقیاتی حوالے سے تمام تر وسائل بروئے کار لا کر عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے -انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام ممبر صوبائی اسمبلی اور اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ ان سکیموں کی مکمل نگرانی کریں اور کام کے معیار کو ہر لحاظ سے پرکھا جائے اور معیار پر کوئی سمجھوتا نہ کیا جائے -انہوں نے کہا کہ مطلوبہ معیار کے مطابق کام نہ کرنے والے ٹھیکیدار کو بلیک لسٹ کر دیا جائے گا اورمعیاری کام کرنے والے ٹھیکیداروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی -اس موقع پر ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ایک بریفنگ بھی دی گئی جس میں ضلع اٹک کی ترقیاتی سکیموں کی تفصیلات بتائی گئیں -جس میں بتایا گیاکہ ضلعی ترقیاتی پروگرام کے تحت 27-سکیمیں ہیں جن کے لئے 125-ملین روپے رکھے گئے ہیں -سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت پراونشئل بلڈنگ کی 38-سکیمیں ہیں جن کے لئے 1005.076-ملین روپے مختص کئے گئے ہیں ,ضلع میں سڑکوں کی 14-سکیمیں ہیں جن کے لئے 5416.744-ملین روپے مختص کئے گئے ہیں ,پبلک ہیلتھ کی 17-سکیمیں ہیں جن کے لئے 1137.355-ملین روپے مختص کئے گئے ہیں - کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کی 75-سکیمیں ہیں جن کے لئے 120-ملین روپے مختص کئے گئے ہیں ,کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام 2015-16-کے لئے 35-سکیمیں ہیں جن کے لئے 168-ملین روپے مختص کئے گئے ہیں -

متعلقہ عنوان :