وزیراعظم محمد نواز شریف لندن سے حکومتی امور کی مکمل نگرانی کر رہے ہیں، وزیراعظم وفاقی وزراء، کابینہ کے ارکان اور دیگر متعلقین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، وزیراعظم کو معمول کے ملکی امور سے متعلق آگاہ رکھا جا رہا ہے، وزیراعظم کے جاری اور سابقہ علاج ، تشخیص، طبی معائنوں اور سفری اخراجات ان کا خاندان اپنے ذاتی وسائل سے برداشت کر رہا ہے،وزیراعظم آفس کا بیان

ہفتہ 28 مئی 2016 22:54

اسلام آباد ۔ 28 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 مئی۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف جو اس وقت پر برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں دل کے ایک آپریشن کے سلسلے میں قیام پذیر ہیں، حکومتی امور کی مکمل نگرانی کر رہے ہیں، وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری، ملٹری سیکرٹری اور دیگر عملہ کے ا رکان ملکی امور کی انجام دہی میں ان کی مکمل معاونت کر رہے ہیں۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لندن میں وزیراعظم کو معمول کے ملکی امور سے متعلق آگاہ رکھا جا رہا ہے اور متعلقہ شعبوں کو ان کی ہدایات من و عن پہنچائی جا رہی ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم وفاقی وزراء، کابینہ کے ارکان اور دیگر متعلقین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور یہ بات بہت اہم ہے کہ ریاست کے معمول کے امور کی انجام دہی پر مشتمل معاملات میں کوئی التواء یا تاخیر نہیں ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کی ڈاکٹرز کے مشورے پر لندن میں دل کی سرجری کی جائے گی اور سرجری کے بعد ڈاکٹرز کے مشورے کے مطابق ہی وطن واپس آئیں گے، آئندہ چند ایام میں اپنے آپریشن کے بعد وزیراعظم فوری طورپر ملک کے چیف ایگزیکٹو کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کریں گے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تاہم فطری اور قابل فہم بات ہے کہ ڈاکٹرز جب ان کا آپریشن کر رہے ہوں گے وزیراعظم کسی بھی قسم کی سرگرمیوں سے دور ہوں گے، انشاء اللہ سرجری کے فوری بعد وزیراعظم بھرپور جذبہ اور توانائی کے ساتھ ریاستی امور کی نگرانی کر رہے ہوں گے۔

وزیراعظم دفتر سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کے جاری اور سابقہ علاج ، تشخیص، طبی معائنوں اور سفری اخراجات ان کا خاندان اپنے ذاتی وسائل سے برداشت کر رہا ہے۔ اس سلسلہ میں قومی خزانہ سے کوئی اخراجات کلیم نہیں کئے گئے ہیں۔