وزیراعظم نوازشریف کے خلاف سازش کرنے والوں کو ملک کی ترقی کا سفر پسند نہیں آرہا ہے،مسلم لیگ (ن) سندھ

آج ہم آزاد اور خودمختار ہیں اوروزیراعظم کو سلام کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، سنیٹرنہال ہاشمی وزیر اعظم میاں نواز شریف کی وجہ سے آج لیاری میں امن قام ہوا ہے اور کھلی فضامیں یوم تکبیر کا جلسہ منعقد کیا جارہا ہے، ہمایوں خان

ہفتہ 28 مئی 2016 22:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مئی۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماوٴں نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کے خلاف سازش کرنے والوں کو ملک کی ترقی کا سفر پسند نہیں آرہا ہے۔ وزیراعظم اورمسلم لیگ کی قیادت کسی سیاسی دباوٴ کو قبول نہیں کرے گی۔ نوازشریف نے ہی ملک کو ایٹمی قوت بنایا تھا اور اب پاکستان کو معاشی طاقت بھی بنائیں گے۔

ماضی کی حکومتوں نے کراچی خصوصاً لیاری پر توجہ نہیں دی لیکن وزیراعظم نوازشریف نے کراچی کا امن بحال کیا۔ اب 2018ء کے عام انتخابات میں بھی کراچی سے مسلم لیگ (ن) کو ہی عوام کامیاب کرائیں گے۔ وزیراعظم جلد کراچی کا دورہ کرکے بڑے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو یوم تکبیر کے موقع پر لیاری کے مولوی عثمان پارک میں مسلم لیگ (ن) صوبہ سندھ کے تحت ہونے والے جلسہ عام سے اسماعیل راہو، نہال ہاشمی، سورھ تھیبو، سید شاہ محمدشاہ، ہمایوں خان، راجہ انصاری ، فیصل دشتی سمیت دیگرنے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

جلسہ سے مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر اسماعیل راہونے اپنے خطاب میں کہاکہ نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والوں کو ملک کی ترقی ہضم نہیں ہورہی ہے،نوازشریف کی قیادت میں ملک کی ترقی کا سفر جاری رہے گا۔انہوں نے کہاکہ میاں نواز شریف نے تمام تر دباؤ کے باجود ملک کو اہٹمی قوت بنایا،پوشیدہ قوتوں نے کوشیش کی کہ پاکستان ایٹمی طاقت نہ بنے،آج پاکستان دنیا بھر میں پہلا اسلامی ایٹمی ملک ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف کو آج بھی بڑے چیلنجز کا سامنا ہے،وزیراعظم غربت کے خلاف جنگ لڑرہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تین سال قبل تصوربھی نہیں کیا جاتا تھا کہ اس میدان میں دس لوگ جمع ہوسکے گے،وزیراعظم نواز شریف نے امن قائم کرنے کا وعدہ نبھایا۔انہوں نے کہاکہ لیاری و کراچی کے لوگوں کو اقتدار کے بھینٹ چڑھا یا گیا پورے پاکستان کو امن دینے کے لئے ضرب عضب آپریشن شروع کیاگیا۔

اسماعیل راہونے کہاکہ بجلی بنانے کے منصوبے لگائے جارہے ہیں اورملک کی معیشت کو مضبوط کرنے کے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ کے عوام بھول گئے تھے کہ ترقی کیا ہوتی ہے،موٹروے سمیت دیگر ترقیاتی کام وزیراعظم نوازشریف سندھ میں کروارہے ہیں۔سنیٹرنہال ہاشمی نے اپنے خطاب میں کہاکہ آج ہم آزاد اور خودمختار ہیں اوروزیراعظم کو سلام کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔

انہوں نے کہاکہ لیاری کی سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں جبکہ پینے کے لئے کھارا پانی ہے،لیاری سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیوں کیاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ لیاری ایکسپریس وے اور کے فورمنصوبہ کے لئے وزیراعظم نے فنڈ جاری کئے ،لیاری سے بھی میٹرو بس گزرے گی۔رکن سندھ اسمبلی ہمایوں خان نے اپنے خطاب میں کہاکہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کی وجہ سے آج لیاری میں امن قام ہوا ہے اور کھلی فضامیں یوم تکبیر کا جلسہ منعقد کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملک کو ایٹمی طاقت بنانے والے وزیراعظم کی صحت یابی کے لئے دعائیں کی جائے۔ ہمایوں خان نے کہاکہ یوم تکبیر ہر سال مناتے ہیں اگلے سال اس سے بڑی تقریب کا انعقاد کرینگے۔مسلم لیگ یوتھ ونگ سندھ کے صدر راجہ انصاری نے اپنے خطاب میں کہاکہ لیاری میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر ثابت کرتا ہے کہ نواز شریف کو عوام سے کوئی جدا نہیں کرسکتا۔

لیگی رہنما فیصل دشتی نے کہاکہ لیاری میں ریاست کے اندر ریاست قائم کی گئی تھی۔مسلم لیگ ن کی قیادت نے لیاری میں رینجرز کے زریعے امن قائم کراویا۔انہوں نے کہاکہ طویل عرصہ بعد لیاری میں سیاسی سرگرمیاں شروع ہوئی ہیں۔ اب کراچی کو ”را“ کے ایجنٹو سے نجات دلانی ہے۔رکن سندھ اسمبلی سورتھ تھیبو نے اپنے خطاب میں کہاکہ بھارت دھمکیاں دے رہا تھا لیکن وزیراعظم نواز شریف نے 6 دھماکے کئے۔

وزیراعظم نے دھماکے کرکے بھارت کو ہمیشہ کے لئے خاموش کرادیا۔سیدشاہ محمد شاہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ ملک کو ایٹمی طاقت بنانے والا ملک کو تعمیر وترقی کی جانب لے جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ لیاری کو جرائم پیشہ افراد کا گڑھ بنا دیا گیا تھا۔زرداری اب تیرے گرنے کی ہے باری ہے۔انہوں نے کہاکہ لیاری میں پیپلزپارٹی نے اسلحہ دیا اورعوام کو آپس میں لڑایا۔شاہ محمدشاہ نے کہاکہ آصف علی زرداری ضیا کی باقیات میں سے ہے۔بے نظیر بھٹو کو آصف زرداری نے قتل کروایا۔جلسے وزیراعظم کی صحت یابی اور دارزی عمرکے لیے دعائیں بھی کی گئیں