کراچی،نئے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں100فیصد اضافہ کیا جائے ،ریلوے ورکرز یونین اوپن لائن

ریلوے ملازمین کی تنخواہوں سے 5فیصد کٹوتی بند کی جائے، ریلوے پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کی تنخواہ کے مساوی کی جائیں

ہفتہ 28 مئی 2016 22:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مئی۔2016ء) ریلوے ورکرز یونین اوپن لائن کے رہنماؤں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نئے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں100فیصد اضافہ کیا جائے ،ریلوے ملازمین کی تنخواہوں سے 5فیصد کٹوتی بند کی جائے، ریلوے پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کی تنخواہ کے مساوی کی جائیں،ریلوے ملازمین کے رہائشی کوارٹرز کی فی الفور مرمت کرائی جائے اور ریلوے ملازمین کے بچوں کو 75فیصد کوٹے کے تحت بھرتی کیا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار ہفتے کو کراچی پریس کلب میں ریلوے ورکرز یونین اوپن لائن کے مرکزی رہنما میر اعظم خان بونیری ،ڈویژنل جنرل سیکرٹری محمد جنید اعوان ،محمد عارف مشوانی و دیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

مزدور رہنماؤں نے کہا کہ روز مرہ کی اشیاء خورد نوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے ساتھ تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولیات بھی مزدور طبقے کی پہنچ سے باہر ہوگئی ہیں لیکن وفاقی وصوبائی حکومتیں مہنگائی کا جن قابو کرنے اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے کوئی موثر اقدات نہی اٹھا رہی ، حکومت فوری طور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن میں اضافہ کرے اور مزدوروں کی کم از کم تنخواہ25ہزار روپے مقرر کی جائے اور اس پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے ۔