صدر مملکت ممنون حسین نے قومی اسمبلی کا اجلاس 31 مئی کی شام 5 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کر لیا

ہفتہ 28 مئی 2016 22:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مئی۔2016ء ) صدر مملکت ممنون حسین نے قومی اسمبلی کا اجلاس منگل 31 مئی کی شام 5 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کر لیا ہے جبکہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس یکم جون کو صبح 11 بجے ہو گا جس سے صدر مملکت خطاب کرینگے ایوان صدر سے جاری کئے گئے اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نے وزارت پارلیمانی امور کی طرف سے بھجوائی گئی سمریوں کی منظوری دی ہے جس کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس 31 مئی کو شام 5 بجے اور پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس یکم جون صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل مشترکہ اجلاس 2 جون کو بلایا گیا تھا۔ پارلیمانی ذرائع کے مطابق 31 مئی کو ہونیوالا قومی اسمبلی کا اجلاس جہلم سے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ اقبال مہدی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کئے جانے کے بعد ملتوی کر دیا جائیگا اس روز مزید کوئی کارروائی نہیں ہو گی۔ نوابزادہ اقبال مہدی چند روز قبل بھارت میں علاج کے دوران انتقال کر گئے تھے علاوہ ازیں صدر مملکت نے سینیٹ کا اجلاس 2 جون صبح ساڑھے دس بجے طلب کیا ہے ۔