فرائض سے غفلت برتنے والے اور کام چور افسران و اہلکار خود کو معطلی سمیت دیگر تادیبی کارروائیوں کیلئے تیار رکھیں ،ایم ڈی واٹربورڈ

ہفتہ 28 مئی 2016 22:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مئی۔2016ء) فرائض سے غفلت برتنے والے اور کام چور افسران و اہلکار خود کو معطلی سمیت دیگر تادیبی کارروائیوں کیلئے تیار رکھیں ،رمضان المبارک سے قبل شہر میں سیوریج کے نظام کو بہتر بنایا جائے شہریوں کو دستیاب پانی کی منصفانہ و مسلسل فراہمی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، غفلت وسستی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ، ایم ڈی واٹربورڈ کا شہر کے مختلف علاقوں کاہنگامی دورہ ، مساجد ،عیدگاہوں اور تراویح کے مقامات کا معائنہ کیا ،فرائض سے غفلت برتنے والے اہلکاروں و افسران کو سخت سرزنش ،تفصیلات کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر واٹربورڈ مصباح الدین فرید نے صوبائی وزیر بلدیات و چیئرمین کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ کی خصوصی ہدایت پر شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور فراہمی و نکاسی آب کی صورتحال کا جائزہ لیا اس موقع پر ان کے ساتھ سپرنٹنڈنگ انجینئر شرقی غلام قادر عباس ، سپرنٹنڈنگ انجینئر وسطی محمد علی شیخ فہیم اخترزیدی بھی تھے ،ایم ڈی اٹربورڈ سینیٹر تنویرالحق تھانوی کے صاحبزادے سفیر الحق تھانوی کی شکایت پر لائنز ایریا بھی گئے انہوں نے جامع مسجدتھانوی لائنز ایریاء اور ملحقہ علاقوں میں سیوریج کے نظام کا جائزہ لیا ، نکاسی آب کی ناگفتہ بہ صورتحال پر متعلقہ سپرنٹنڈنگ انجینئر اور ایگزیکٹیو انجینئرز کی سخت سرزنش کی ،ایم ڈی واٹربورڈ نے متعلقہ عملے کو متنبہ کیا کہ فوری طور پر علاقے میں سیوریج کے نظام کو درست کیا جائے اگر قریبی نالے کی صفائی ناگزیر ہے تو ڈی ایم سی شرقی سے رابطہ کرکے نالے کو بھی مکمل صاف کیا جائے اس ضمن میں کسی قسم کا کوئی عذر ناقابل قبول ہوگا واضح رہے کہ مولانا سفیر الحق تھانوی نے ایم ڈی واٹربورڈ سے ملاقات کرکے انہیں علاقے خصوصاً جامع مسجد تھانوی لائنز ایریا کے اطراف میں سیوریج کے مسائل سے آگاہ کیا تھا ، دریں اثناء ایم ڈی واٹربورڈ نے لیاری اور ضلع وسطی کا تفصیلی دورہ کیا ،وہاں کے منتخب نمائندوں ملاقات کی اور پانی و سیوریج کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ایم ڈی نے واٹربورڈ کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ رمضان المبار ک سے قبل علاقہ کی مساجد ،عید گاہوں ، تراویح کے مقامات اور ملحقہ علاقوں میں پانی و سیوریج کے مسائل حل کریں اور دستیاب پانی کی فراہمی و شہریوں میں منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائیں ،انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر بلدیات و چئیر مین واٹربورڈ کی سخت ہدایات ہیں کہ شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کرکے پانی و سیوریج سے متعلق مسائل معلوم کئے جائیں اور ان کے حل کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں ، اس ضمن میں کوتاہی اور غفلت کے مرتکب افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے ،کام چور ملازمین کو فوری معطل کردیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :