کراچی میں بلوچستان کے تاجروں سمیت ہزاروں کی تعداد میں مختلف زبانوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو قتل کیا گیا ، مصطفی کمال

عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے کیلئے بلوچستان آئے ہیں،انجمن تاجران کے صدر کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب

ہفتہ 28 مئی 2016 22:01

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مئی۔2016ء) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ و سابق سٹی ناظم کراچی مصطفی کمال نے کہا ہے کہ کراچی میں بلوچستان کے تاجروں سمیت ہزاروں کی تعداد میں مختلف زبانوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو قتل کیا گیا ہے ہم عوام کے دکھوں کا مدا کرنے کیلئے بلوچستان آئے ہیں ۔یہ بات انہوں نے انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم آغا کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

استقبالیے سے انجمن تاجران کے صدررحیم آغا، انیس قائم خانی نے بھی خطاب کیا تقریب میں انجمن تاجران کے سرپرست اعلیٰ حاجی عاشق اچکزئی ، سینئر نائب صدر حاجی نصر الدین کاکڑ،نائب صدر حاجی موسیٰ خان ، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی فاروق شاہوانی ،خان کاکڑ، محمد حسین ہزارہ اوردیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مصطفی کمال نے کہا کہ ہم پاک سرزمین پارٹی کی بنیاد رکھنے کے بعد پہلی بار کوئٹہ آئے ہیں ہماراجس طر ح یہاں استقبال اور ہمیں محبت ملی ہے اسے ہم کبھی نہیں بھولیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم آغا اورانکی کابینہ کے بھی شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمیں کوئٹہ میں عزت دی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں بلوچستان کے تاجروں سمیت 25سے30ہزار لوگوں کو مارا گیا ہے ہمارے ہمارے قبرستان بھی لوگوں سے بھر چکے ہیں ہمارا اور آپ کا دشمن ایک ہی ہے جو انڈیا سے پیسے لیکر پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے ہم ملکر انکے مذموم مقاصد کو ناکام بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے تین سال قبل ہی ایم کیو ایم کو خیر باد کہہ دیا تھاا ہم آسائشیں چھوڑ کر فرعونوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم پورے پاکستان کے عوام کے ساتھ ملکر کراچی سمیت ملک بھر کوامن کا گہوارہ بنائیں گے ۔اس سے قبل انجن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم آغا نے پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال اور انیس قائم خانی کو بلوچستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ کراچی میں کوئٹہ ،پشین سمیت بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں تاجروں کو بے دردی سے قتل کیا گیا اور انکی املاک کو نقصان پہنچایا گیاآج ہمیں انکے زخموں پر مرہم رکھنے کی ضرورت ہے کراچی میں بلوچستان کے تاجروں کو بہت دکھ دیا گیا ہے ہم جنازے اٹھااٹھاکر تھک چ کے ہیں اگر ہم خود اپنی دھرتی ماں کا خیال نہیں رکھیں گے تو باہر سے کوئی آکر ہمارا خیال نہیں رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ انجمن تاجران بلوچستان صوبے بھر کے تاجروں کی نمائندہ تنظیم ہے جو بلا رنگ و نسل تاجروں کی خدمت کررکھی ہے انجمن تاجران بلوچستان پاک سرزمین پارٹی کے قائدین کو ہرقسم کے تعاون کا یقین دلاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :