اقتصادی راہداری سے پاکستان ایشین ٹائیگر بنے گا

دونو ں ممالک کی افواج کے مابین انسداد دہشت گردی کے شعبے میں تعاون ہے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیاب کوششیں قابل تعریف ہیں،چینی سفیر سن وی ڈونگ

ہفتہ 28 مئی 2016 21:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 مئی۔2016ء) پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ کی گنجائش میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے اور اقتصادی راہداری کے منصوبے کی تکمیل سے پاکستان کا ایشین ٹائیگر بننے کا خواب پورا ہو جائیگا۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق چینی سفیر نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ اقتصادی راہداری سے توانائی، انفراسٹرکچر اور گوادر پورٹ کی ترقی ممکن ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ تعاون کے اس لائحہ عمل کے تحت توانائی کے بڑے منصوبے زیر تعمیر ہیں جن سے پاکستان میں توانائی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔اقتصادی راہداری کے اہم منصوبوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ شاہراہ قراقرم، لاہور کراچی موٹر وے اور فائبر کیبل کا رابطہ اہم منصوبے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ گوادر پورٹ کی گنجائش میں بھی اضافہ کیا جارہا ہے اور گوادر فری زونز کی تعمیر کے آغاز کے علاوہ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔

سن وی ڈونگ نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری، معاشی، ترقی اور اقتصادی روابط کے حوالے سے پورے خطے کے لیے فائدہ مند ہے۔دوطرفہ تجارت کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے مابین دوطرفہ تجارت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کی سالانہ شرح ترقی 80.03 فیصد ہے۔ ’پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کے لحاظ سے چین سب سے بڑا ملک ہے‘۔

افغانستان میں امن لانے کے لیے کوششوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے چینی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین افغانستان میں امن اور مفاہمتی عمل میں تعاون کر رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی افواج کے درمیان انسداد دہشت گردی کے شعبے میں تعاون ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیاب کوششوں پر اس کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مکمل تعاون کرے۔

متعلقہ عنوان :