28مئی کے دن کو پاکستان کی تاریخ میں یومِ آزادی کی طرح ایک اہم سنگِ میل کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جا ئیگا ،وزیر اعظم نے بھارتی5 ایٹمی دھماکوں کا حساب 6 کامیاب ایٹمی دھماکوں سے چکا دیا ، اب ہم پر کوئی دشمن شب خون مارنے کی جرات نہیں کر سکے گا،پانامہ لیکس پر وزیراعظم نے کہا کہ احتساب ہمارے قائدین سے شروع کیا جائے لیکن ہم چوروں کو نہیں چھوڑیں گے ، بعض عناصر ملک کی تعمیر وترقی کے دشمن ہیں آج پروپیگنڈہ کر رہے ہیں

مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما ؤں سینیٹر چوہدری تنویر اور سابق سینیٹر ظفر علی شاہ کا یوم تکبیر کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 28 مئی 2016 21:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 مئی۔2016ء) مسلم لیگ (ن)کے رہنماؤں سینیٹر چوہدری تنویر اور سابق سینیٹر سید ظفر علی شاہ نے کہا ہے کہ28مئی کے دن کو پاکستان کی تاریخ میں یومِ آزادی کی طرح ایک اہم سنگِ میل کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جا ئے گا،اس دن پاکستان نے ’’ چاغی‘‘ کے پہاڑی سلسلے ’’ راس کوہ ‘‘ میں زیر زمین پانچ ایٹمی دھماکے کر کے عالم اسلام کی پہلی اور دنیا کی سات ویں ایٹمی قوت ہونے کا اعزاز حاصل کیا،وزیر اعظم نے بھارتی5 ایٹمی دھماکوں کا حساب 6 کامیاب ایٹمی دھماکوں سے چکا دیا ہے اب ہم پر کوئی دشمن شب خون مارنے کی جرات نہیں کر سکے گا۔

وہ ہفتہ کو یہاں یوم تکبیر کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پرسینیٹر چوہدری تنویر نے کہا کہ 28مئی کا دن پاکستان کی تاریخ میں اہم دن ہے ۔

(جاری ہے)

دنیا کی سپر پاور کو انکار کرکے ایٹمی دھماکے کرنا آسان نہیں تھا۔ اس وقت وزیراعظم نوازشریف نے سخت دباؤ کے باوجود ایک مشکل فیصلہ کر کے ایک بڑا اہم لیڈر ہونے ہونے کا ثبوت دیا۔ آج ملک کی سرحدیں مضبوط ہیں تو اس کا کریڈیٹ میاں نوازشریف کو جاتا ہے ۔

پانامہ لیکس جب آئی تو وزیراعظم نے کہا کہ احتساب ہمارے قائدین سے شروع کیا جائے لیکن ہم چوروں کو نہیں چھوڑیں گے ۔ بعض عناصر ملک کی تعمیر وترقی کے دشمن ہیں آج پروپیگنڈہ کر رہے ہیں ۔ سب وزیراعظم نوازشریف کی صحت یابی کے لئے دعا کریں ۔ اس دوران سید ظفر علی شاہ نے کہاکہ چودہ اگست 1947 کی یوم آزادی کے بعد 28 مئی 1998 کا دن پاکستان کی تاریخ کا وہ تاریخ ساز لمحہ ہے جس کے احساس تفاخر نے پوری قوم اور عالم اسلام کے مسلمانوں کا سر فخر اور خوشی سے بلند کر دیا۔

28 مئی ’’ یوم تکبیر ‘‘ پاکستان کی تاریخ کا وہ دن ہے جس دن پاکستان نے بلوچستان کے مقام ’’ چاغی‘‘ کے پہاڑی سلسلے ’’ راس کوہ ‘‘ زیر زمین پانچ ایٹمی دھماکے کر کے عالم اسلام کی پہلی اور دنیا کی سات ویں ایٹمی قوت ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس تاریخ ساز موقع پر اس وقت کے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے عوامی جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے قوم سے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’ الحمداﷲ بھارتی ایٹمی دھماکوں کا حساب 6 کامیاب ایٹمی دھماکوں سے چکا دیا ہے اب ہم پر کوئی دشمن شب خون مارنے کی جرات نہیں کر سکے گا۔

کامیاب ایٹمی دھماکوں سے پاکستان کو دنیا کی ساتویں اور عالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت بننے کا اعزاز حاصل ہو گیا سید ظفر علی شاہ نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں بعض لمحات اتنے منفرد، اہم اور تاریخی ہوتے ہیں کہ ان لمحوں کی اہمیت اور حیثیت کا مقابلہ کئی صدیاں بھی مل کر نہیں کر سکتیں۔یہ منفرد و قیمتی لمحات دراصل تاریخ کا وہ حساس موڑ ہوتے ہیں جہاں کوئی قوم اپنے لیے عزت و وقار اور غرور و تمکنت یا ذلت و رسوائی اور غلامی و محکومی میں سے کسی ایک راستے کا انتخاب کرتی ہیں۔

یہ دن پاکستان کی تاریخ میں یومِ آزادی کی طرح ایک اہم سنگِ میل کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جا ئے گا۔یہ وہ دن ہے جب پاکستان دنیا کے نقشے پر پہلی مسلم ایٹمی قوت کے طور پر نمودار ہواجس طرح پاکستان کے قیام کا اعزاز مسلم لیگ کو حاصل ہے، اسی طرح اس کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کی سعادت بھی مسلم لیگ کے حصے میں آئی۔یہ ہماری قومی ذمہ داری ہے کہ ہم ملک کوبیرونی خطرات سے بچانے کے لیے اپنی تیاری پوری رکھیں تاکہ کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ کر سکے۔

پاکستان کاایٹمی پروگرام دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے وجود میں آ یا ہے۔یہ جنوبی ایشیا میں امن کی ضمانت ہے۔اس پروگرام سے طاقت کا توازن پیدا ہوا جوخطے کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری تھا۔جنوبی ایشا کے ممالک جس عدم تحفظ میں مبتلا تھے، اب اس سے نکل آئے ہیں۔یہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی برکت ہے۔ مسلم دنیا کے پاکستان کے ایٹمی دھماکے کے بعد اس پر فخر کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی دھماکوں سے مسلم دنیا کو بھی تحفظ کا احساس ہوا، ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان، بھارت کے درمیان کوئی بڑا واقعہ رونما نہیں ہوا، پاکستان کی ایٹمی صلاحیت نے اسے کسی بھی نئی جنگ سے بچایا، پاکستان کے جوہری طاقت بننے سے خطے میں طاقت کا توازن پیدا ہوا۔ پاکستانی قوم مشکل حالات کا سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔

آپریشن ضرب عضب بھی اس کی ایک بے ترین مثال ہے جس عزم کی بدولت اپنی پاک سرزمین کا دفاع نا قابل تسخیر بنایا ۔ اﷲ کا شکر ہے کہ پاک فوج اور دیگر سیکورٹی ادارں کی بے مثال قربانیوں کی وجہ سے دہشت گرد بھاگ گئے ہیں اور ملک میں امن بحال ہورہا ہے ۔ پاکستان ترقی کے راستے پر گامزن ہے ۔ موجودہ حکومت پاکستان کے معاشی حالات کو بہتربنانے کیلئے بھر پور کوشش کررہی ہے ۔

سید ظفر علی شاہ نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ جو امتیازی سلوک کررہا ہے اور ہندوستان کو نیو کلیئر کے معاملات پر ترجیح دے رہا ہے اور ہندوستان کو ریجن میں تھانے دار بنانا چاہتا ہے یہ امتیازی سلوک پاکستان کے لئے ناقابل قبول ہے ۔ پاکستان امن پر یقین رکھتا ہے۔پاکستان کا ایٹمی پروگرام جہاں پاکستان کے مضبوط دفاع کی علامت ہے ،وہاں اس قوم کی غیر معمولی جرات، استقامت اور بہادری کا بھی اعلان ہے۔

’’ پاکستان چائنا اقتصادی راہداری ‘‘ کے تحت مختلف منصوبے شروع ہوچکے ہیں۔ یہ منصوبے پورے پاکستان کی تقدیر بدل دیں گے۔ انشااﷲ عوام کا معیارِ زندگی مزید بہتر ہوگا اور ہم پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے کے بعد اپنے ملک کو اقتصادی لحاظ سے بھی مضبوط بنانے میں کامیاب ہوں گے۔