سازشیں کرنے والے بتائیں وہ نواز شریف کو کس چیز سے روکنا چاہتے ہیں، اب کہا جا رہا ہے کہ سڑکوں پر آئیں گے، عوام سڑکوں پر آنے والوں کو سڑکوں پر ہی کچل دینگے ، وزیراعظم کی طرف سے میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھیں پھوڑ دی جائینگی ، 28مئی کا دن گواہ ہے کہ نواز شریف کو کوئی خرید سکتا ہے نہ جھکا سکتا ہے، بھارتی ایٹمی دھماکوں کے بعد دنیا پاکستان کا ہاتھ روک رہی تھی، امریکی صدر کلنٹن نے بارہا وزیراعظم کو ٹیلیفون کیا ، ایٹمی دھماکے نہ کرنے کے عوض اربوں ڈالر کی پیشکش کی مگر نواز شریف نے انکار کر دیا اور ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کا یوم تکبیر ورکرز کنونشن سے خطاب وفاقی حکومت کے کشمیر میں ترقی کیلئے دیئے گئے 300ارب روپے دیئے ، آزادکشمیر حکومت انتقام کی سیاست کررہی ہے، برجیس طاہر

ہفتہ 28 مئی 2016 21:35

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ 28مئی کا دن گواہ ہے کہ نواز شریف کو کوئی خرید سکتا ہے نہ جھکا سکتا ہے، بھارتی ایٹمی دھماکوں کے بعد دنیا پاکستان کا ہاتھ روک رہی تھی، امریکی صدر کلنٹن نے بارہا وزیراعظم نواز شریف کو ٹیلیفون کیا اور ایٹمی دھماکے نہ کرنے کے عوض اربوں ڈالر کی پیشکش کی مگر وزیراعظم نواز شریف نے انکار کر دیا اور پاکستان نے 6ایٹمی دھماکے کر دیئے، سازشیں کرنے والے بتائیں وہ میاں نواز شریف کو کس چیز سے روکنا چاہتے ہیں، اپنی قوم کیلئے سزائیں کاٹنا لیڈر کا فرض ہوتا ہے اب کہا جا رہا ہے کہ سڑکوں پر آئیں گے، عوام سڑکوں پر آنے والوں کو سڑکوں پر ہی کچل دینگے ، اوروزیراعظم میاں نوازشریف کی طرف سے میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی قوم آنکھیں نکال لے گی ،ہم ملک کو معاشی طور پر خود کفیل کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کو یہاں مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام منعقدہ یوم تکبیر ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ بھارتی ایٹمی دھماکوں کے بعد دنیا پاکستان کا ہاتھ روک رہی تھی، امریکی صدر کلنٹن نے پانچ مرتبہ وزیراعظم نواز شریف کو ٹیلیفون کیا اور ایٹمی دھماکے نہ کرنے کے عوض اربوں ڈالر کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے 11مئی 1998ء کو سائنسدانوں سے مشاورت کی، نواز شریف نے کہا کہ پیٹ پر پتھر باندھ لیں گے لیکن دھماکے کریں گے اور اپنی عزت اور وقار کی راہ میں وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیں گے، ایٹمی سائنسدانوں نے دھماکوں کیلئے 17دن کا وقت مانگا۔

پرویز رشید نے کہا کہ 17 دن کے بعد پاکستان نے 6 ایٹمی دھماکے کر دیئے، ایسے جرات مندانہ فیصلے صرف بہادر لیڈر ہی کر سکتا ہے،28 مئی کا دن گواہ ہے کہ نواز شریف کو کوئی خرید سکتا ہے نہ جھکا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے نہ کرنے کے عوض پانچ ارب روپے کی پیشکش کی گئی، محمد نواز شریف نے ملک اور قوم کی عزت کی حفاظت کی ہے، پاکستان ایٹمی دھماکے کرنے والا اسلامی دنیا کا پہلا ملک بنا اور نواز شریف نے ملکی عزت اور وقار میں کسی دھمکی کو حائل نہیں ہونے دیا۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ ایٹمی دھماکے کرنے والے وزیراعظم کو ہتھکڑی لگا کر اٹک قلعہ میں قید کیا گیا، جان ہتھیلی پر رکھ کر فیصلے کرنے والے وزیراعظم کو وطن واپس آنے سے روکا جاتا رہا ہے، ہمیں آج تک نہیں بتایا گیا کہ نواز شریف کا جرم کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سازش کرنے والے بتائیں کہ ملک کو ایٹمی طاقت بنانے والا وزیراعظم ہم سے کیوں چھینا گیا، ملک کا دفاع کرنے والے وزیراعظم کو جلا وطن کر دیا گیا اور کیوں ملک کا دفاع کرنے والے زیراعظم کو جلا وطن کیا گیا۔

وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ بتائیں کہ نواز شریف کو کس چیز سے روکنا چاہتے ہو، اپنی قوم کیلئے سزائیں کاٹنا لیڈر کا فرض ہوتا ہے ۔انہوں نے دھرنوں کی سیاست کے حوالے سے کہاکہ اب یہ کیوں کہا جا رہا ہے کہ سڑکوں پر آئیں گے، عوام سڑکوں پر آنے والوں کو سڑکوں پر ہی کچل دینگے ارو وزیراعظم میاں نوازشریف کی طرف سے میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی قوم آنکھیں نکال لے گی ۔

انہوں نے کہاکہ ہم ملک کو معاشی طور پر خود کفیل کرنا چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ نوجوانوں کو روزگار کیلئے بیرون ملک نہ جانا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی دھماکے کرنے والے وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو بجلی اور گیس بھی دیں گے، ملک کو روشن کرنے کیلئے وسط ایشیائی ملکوں سے معاہدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے نیلم کا پانی ضائع ہونے سے بچانے کیلئے منصوبے کو جلا بخشی اور وزیراعظم پاکستان بننے کے 3 دن بعد نیلم جہلم منصوبے کا دورہ کیاملک میں روشنی کیلئے تمام وسائل فراہم کئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے نیلم جہلم منصوبہ 2022 میں نہیں بلکہ 2017 میں مکمل کرنے کی ہدایات دیں اور ملک کو روشن کرنے کیلئے حکومت نے اخراجات میں 30 فیصد کمی کی، نیلم جہلم منصوبہ 2013 میں پیداوار شروع کر دے گا۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ توانائی، گیس، تعلیم اور روزگار دینے والے وزیراعظم کوکچھ لوگ سزا دینا چاہتے ہیں، ایٹمی دھماکوں کی جو سزا ہمیں ملی تھی وہ معاف کر دی مگر اب ملک کوغیر مستحکم نہیں ہونے دیں گے اور انشاء اﷲ 2018 تک پاکستان کے اندھیرے بھی ختم کر دیں گے۔

جبکہ وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر نے ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی دھماکے کرکے بھارت کا خیال تھاکہ پاکستان کو دولخت کردے گا اور بھارتی وزیردفاع نے دھمکی دی کہ آزادکشمیر خالی کردو۔ہمارے وزیراعظم نوازشریف نے فیصلہ کیا کہ بھوکے رہ لیں گے لیکن ایٹم بم بنائیں کیونکہ گیڈر کی سو سال کی زندگی سے شیر کی ایک دن کی زندگی بہتر ہے۔

ہمارے قائد نے پانچ دھماکوں کے جواب میں 6ایٹمی دھماکے کئے جس سے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں سکول بغیر چھت اور رہنے کیلئے عوام کے پاس مکان نہیں ہے۔وفاقی حکومت نے کشمیر میں ترقی کیلئے300ارب روپے دیئے جو نظر نہیں آئے،آزادکشمیر کی حکومت انتقام کی سیاست کررہی ہے۔برجیس طاہر نے کہا کہ آزادکشمیر کا وزیراعظم میرٹ کی بجائے اقربا پروری کی بنیاد پر ملازمتیں دیتاہے،عوام کے پاس چھت نہیں اور آزادکشمیر کا صدر اور وزیراعظم 3ارب روپے کے ترقیاتی فنڈ سے اپنے گھر بنارہے ہیں۔

چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ آزادکشمیر کی حکومت بتائے کہ میرپور کے لوگوں کو کیوں لوٹا گیا،بتائیں کہ آزادکشمیر میں کونسا بڑا ترقیاتی منصوبہ شروع کیا گیا،سب جانتے ہیں کہ نظام کے تسلسل کیلئے آزادکشمیر حکومت کو بچایا۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کونسل کے ٹکٹ کروڑوں روپے میں بیچے گئے،پچھلے5سال میں آزادکشمیر کی آمدن16ارب روپے کم ہوئی اور اس دور میں جسطرح عوام کو لوٹا گیا عوام انہیں معاف نہیں کریں گے۔چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ چور اورفراڈیوں سے چھٹکارا حاصل کیا جائے۔میاں نوازشریف آزادکشمیر میں ترقی کا نیا دور لائیں گے،عوام وزیراعظم کی صحت یابی کیلئے دعاکریں،آزادکشمیر کے عوام شیر پر مہر لگا کر محمد نوازشریف کا ساتھ دیں۔