کسی دباؤ میں آئے بغیر ایٹمی دھماکے کرکے محمد نواز شریف نے قوم کو عزت سے جینا سکھایا، حمزہ شہباز

آف شور کمپنیوں کے گاڈفادرعمران خان بھاشن دینے سے پہلے قرضہ معاف اور قبضہ کرانے والوں کا جواب دیں‘ملکی ترقی کی گاڑی کے سپہ سالار نواز شریف ہیں ، 2018میں قوم کو مسائل سے آزاد ترقی یافتہ پاکستان دیں گے‘چوہوں کا مقابلہ نہ کرسکنے والے شیروں کو للکارنے چلے ہیں ، حقائق سامنے آئے تو منہ چھپانے کے قابل نہیں رہیں گے‘ یوم تکبیر سے خطاب یوم تکبیر پر مسلم لیگی کارکنوں کا زبردست جوش و خروش و نعرے بازی، وزیراعظم نواز شریف کی صحت یابی کے دعائیں

ہفتہ 28 مئی 2016 21:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 مئی۔2016ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و ممبرقومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ کسی بھی قسم کے دباؤ یاخوف میں آئے بغیر28مئی1998کو ایٹمی دھماکے کرکے وزیراعظم محمد نواز شریف نے پاکستانی قوم کو عزت سے جینا سکھایا جس کے باعث پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہوا-آج بھی ملکی ترقی کی گاڑی کے سپہ سالار نواز شریف ہیں جو انشاء اﷲ 2018میں قوم کو مسائل سے آزاد ترقی یافتہ پاکستان دیں گے- حمزہ شہباز نے ایوان اقبال میں پاکستان مسلم لیگ کی طرف سے یوم تکبیر کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بدقسمتی سے بعض عناصر ملکی ترقی و جمہوریت کے مخالف ہیں جن کی راتوں کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں اور جو ہر صبح وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ کراٹھتے ہیں- حمزہ شہباز نے کہا کہ آف شور کمپنیوں کے گاڈ فادر عمران خان دوسروں کو بھاشن دینے سے پہلے اپنے دائیں قرضہ معاف کرنے والے جہانگیر ترین اور بائیں زمینوں پر قبضہ کرانے والے علیم خان کا جواب دیں -اسی عمران خان نے 2013کے مینڈیٹ کو تسلیم کرنے سے انکار کیا تو سپریم کورٹ کے جوڈیشل کمیشن نے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کردیا- پانامہ لیکس میں دامن صاف ہونے کی وجہ سے محمد نواز شریف نے سپریم کورٹ کو خط لکھا-حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان قومی اسمبلی میں جواب دینے سے بھاگ گئے انہیں علم ہونا چاہیے کہ اتفاق فاؤنڈری اس وقت ایشیا کا سب سے بڑا ادارہ تھا جب نواز شریف گورنمنٹ کالج میں طالب علم تھے- عمران خان کو اصل خطرہ موجودہ حکومت کے دور میں ہونے والی ترقی سے ہے خیبرپختونخوا میں چوہوں کا مقابلہ نہ کرپانے والے شیروں کو للکارنے چلے ہیں انہیں بالاآخر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا- عدلیہ بحالی کے وقت محمد نواز شریف کسی خطرے کی پرواہ کئے بغیرباہر نکلے جبکہ آج بڑھکیں مارنے والے عمران خان اس وقت بھی دور دور تک نظر نہیں آئے-حمزہ شہباز نے کہا کہ شریف فیملی پر مشرف کا نیب ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں کرسکا اور آج بھی اربوں ڈالر کی ہونے والی سرمایہ کاری پر کوئی ایک انگلی بھی نہیں اٹھی- ہمیں عمران خان کی طرح بڑے بڑے عہدوں کا شوق نہیں ، عوام کا بھرپور اعتماد محمد نواز شریف اور ان کی حکومت کو حاصل ہے اور انشاء اﷲ ترقی و خوشحالی کا سفر پورے زوروشور سے جاری رہے گا -پاکستان کے باسیوں کو شدت سے 2018کا انتظار ہے اور موجودہ قومی قیادت عوام کے اعتماد پر اسی طرح پورا اترے گی جیسے آج سے 18سال پہلے 5ایٹمی دھماکے کرکے دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بتا دیا تھا کہ ہم ایک خوددارقوم ہیں- حمزہ شہباز نے کہا کہ انشاء اﷲ وزیراعظم محمد نواز شریف جلد صحت یاب ہو کر وطن واپس لوٹیں گے‘یوم تکبیر کی تقریب میں مسلم لیگی کارکنوں نے زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا ، چاغی کے پہاڑو میزائل کے ماڈل اٹھائے کارکن زبردست نعرے بازی کرتے رہے اور شیراں دے پتر شیر ، دیکھو دیکھو کون آیا ، اک واری فیر کے نعرے لگاتے ملی نغموں پر جھومتے رہے-اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، مسلم لیگ (ن) لاہور کے عہدیداران اور خواتین کارکنوں کی بڑی تعداد نے حمزہ شہباز کا استقبال کیا-خواجہ احمد حسان نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی جلد صحت یابی کے لئے دعاکرائی جبکہ پرویز ملک نے کہاکہ 31مئی کو ہر پارٹی دفتر میں وزیراعظم کی صحت یابی کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی- تقریب میں یوم تکبیر کے حوالے سے ڈاکومنٹری فلم اورخصوصی نغمے پیش کئے گئے-