150 ارب روپے کا’’پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے‘‘ پروگرام دیہی آبادی کا طرز زندگی بدل دیگا‘دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے منصوبے پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے ‘خادم پنجاب دیہی روڈزپروگرام‘‘ کا براہ راست فائدہ کسانوں او ردیہات میں بسنے والے افراد کو ہو رہا ہے‘اس پروگرام کے تحت اب تک ہزاروں کلو میٹر طویل دیہی سڑکوں کی تعمیر وبحالی کا کام مکمل ہوچکا ہے‘مسلم لیگ (ن) کی حکومت دیہات میں بسنے والے افراد کی ترقی و خوشحالی کو اپنا نصب العین سمجھتی ہے‘ فلاح عامہ کے منصوبوں پرتنقید کرنیوالے عوام کے خیرخواہ نہیں، بعض عناصر قوم کا قیمتی وقت ایک بار پھر ضائع کرنے کے درپے ہیں

وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی منتخب نمائندوں سے بات چیت

ہفتہ 28 مئی 2016 21:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام ‘‘کے تحت ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے دیہی سڑکوں کی تعمیرو بحالی کے منصوبے پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے اوراب تک ہزاروں کلو میٹر طویل سڑکوں کی تعمیر و بحالی کی جاچکی ہے ۔ آئندہ 2برس کے دوران مرحلہ وارپروگرام کے تحت صوبہ پنجاب کی تمام دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کیلئیخطیر رقم خرچ کی جائے گی اور150 ارب روپے کا یہ منصوبہ دیہی آبادی کا طرز زندگی بدل دے گا۔

پاکستان کی تاریخ میں دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا اتنا بڑا پروگرام پہلے کبھی شروع نہیں کیا گیا۔ ’’پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے‘‘ پروگرام دیہی معیشت کی خوشحالی کیلئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور یہ پروگرام دیہات کی زندگی میں خوشحالی کا حقیقی انقلاب لائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام ‘‘کے تحت دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا پروگرام پنجاب کی دیہی ترقی میں انقلابی اور تاریخ ساز اقدام ہے۔جدید ذرائع مواصلات،تجارتی و معاشی سرگرمیاں بڑھانے میں اہم کردارادا کرتے ہیں۔اسی مقصد کے تحت پنجاب حکومت انفراسٹرکچر کے منصوبوں کی بہتری پر اربوں روپے خرچ کررہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی و خوشحالی کا راز اس کے بہتر اور موثر نظام مواصلات میں پنہاں ہے۔ ذرائع آمدورفت کا بہترین انفراسٹرکچر کسی بھی ملک کیلئے نہ صرف ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،بلکہ معاشی ترقی کا دارومدار ایک مربوط اور منظم نظام مواصلات میں ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی معیشت کے استحکام اور فروغ کے حوالے’’ خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اوردیہی معیشت کیلئے ایک گیم چینجر کی حیثیت رکھتاہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی سے دیہی علاقوں میں معاشی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ مل رہا ہے اور’’خادم پنجاب دیہی روڈزپروگرام‘‘ کا براہ راست فائدہ کسانوں او ردیہات میں بسنے والے افراد کو ہو گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے پروگرام پر عملد آمد سے دیہاتوں میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں،جس سے دیہی علاقوں میں ہزاروں لوگو ں کو روز گار فراہم ہواہے۔

اس پروگرام کے تحت بننے والی سڑکوں کی دیکھ بھال اور تحفظ ایک قومی ذمہ داری ہے اوراس ضمن میں بھی موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت دیہات میں بسنے والے افراد کی ترقی و خوشحالی کو اپنا نصب العین سمجھتی ہے۔ترقیاتی منصوبوں کی بروقت ،معیاری اور شفاف تکمیل پنجاب حکومت کی پالیسی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے منصوبوں میں شفافیت اوراعلی معیارکے رحجان کو فروغ دیا ہے۔

منصوبوں میں شفافیت کے اعلی معیار کو برقراررکھ کراربوں روپے کے قومی وسائل بچائے گئے ہیں۔حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے خلوص نیت سے کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ فلاح عامہ کے منصوبوں پرتنقید کرنیوالے عوام کے خیرخواہ نہیں اور اب جب وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ترقی وخوشحالی کا سفر شروع ہو چکا ہے تواحتجاج کی سیاست کرنیوالے قوم کا قیمتی وقت ایک بار پھر ضائع کرنے کے درپے ہیں لیکن پاکستان کے باشعور عوام ان سیاسی عناصر کے جھانسے میں اب نہیں آئیں گے اور کسی کو ملک کی ترقی و خوشحالی کے راستے میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے ۔

متعلقہ عنوان :