ہمارا ایٹم بم تکمیل دفاع اور تحفظ پاکستان کی ضمانت ہے، پوری قوم ملک کے ایٹمی پروگرام کو تکمیل تک پہنچانے والے سائنسدانوں اور سیاسی قیادت کو سلام پیش کرتی ہے

ایٹم بم کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے قریبی ساتھی انجینئر اعجاز احمد چوہدری ودیگر کا یوم تکبیرکے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب

ہفتہ 28 مئی 2016 20:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 مئی۔2016ء ) یوم تکبیر کے سلسلے میں انجمن فیض الاسلام میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ ہمارا ایٹم بم تکمیل دفاع اور تحفظ پاکستان کی ضمانت ہے اور پوری قوم ملک کے ایٹمی پروگرام کو تکمیل تک پہنچانے والے سائنسدانوں اور سیاسی قیادت کو سلام پیش کرتی ہے اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ان کی ٹیم ، ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھنے والے ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر ایٹمی دھماکے کرنے والے میاں نواز شریف کی احسان مندہے ․ تقریب سے خطاب کرنے والوں میں ایٹم بم کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے ساتھی انجینئر اعجاز احمد چوہدری ، صدر انجمن محمد صدیق اکبر میاں ، نائب صدر انجینئر عبدالرزاق ، پروفیسر نیاز عرفان اور راجا صابر حسین سمیت دیگر شامل تھے ․ انجینئرر اعجاز احمد چوہدری نے کہا کہ جس طرح قیام پاکستان قدرت کاملہ کا انعام اور ایک معجزہ تھا اسی طرح ایٹم بم بنانا بھی کسی معجزے سے کم نہیں کیونکہ اس ٹاسک کی تکمیل میں ہمیں بہت مشکلات جھیلنا پڑیں ․ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ایٹم بم بھارت کے ایٹم بم سے بہت بہتر اور زیادہ کارکردگی کا حامل ہے اور یہ بہت ہی محفوظ ہاتھوں میں ہے ․ ہمارا ایٹم بم پاکستان کی بقاء وسلامتی اور مضبوط دفاع کی ضمانت ہے ․ محمد صدیق اکبر میاں نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج اگر ہمارے پاس ایٹم بم نہ ہوتا بھارت کی جانب سے بڑی جارحیت کا سامنا کر رہے ہوتے ․ ہمیں آج کئی دشمنوں کا سامنا ہے جن میں پڑوسی ممالک میں برسرپیکار دشمن قوتوں کے علاوہ جہالت ، غربت و افلاس اور تفرقہ بازی جیسے عناصر شامل ہیں ․ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے اتحاد اور یک جہتی کے ساتھ ان تمام دشمنوں کا مقابلہ کر سکتی ہے ․ نائب صدر انجمن انجنئیر عبدالرزاق ، جو خود بھی ملک کے ایٹمی پروگرام کے ساتھ وابستہ رہے ہیں ، نے اپنے خطاب میں کہا کہ انجمن فیض الاسلام میں اس خصوصی تقریب کے انعقاد کا مقصد انجمن کے بچوں کو قومی مشاہیر اور ان کے کارناموں سے روشناس کرانا ہے ․ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ان کی ٹیم کے اراکین نے شب و روز وقت کی پرواہ کئے بغیر انتھک محنت کی اور اس کے نتیجے میں پاکستان ایٹمی قوت بنا․ اس موقع پر انجمن کے سکولوں کے بچوں نے ملی نغمے اورکلام اقبال بھی پیش کیا ۔