پاکستان کے ایٹمی قوت بننے سے خطہ میں بالادستی کے بھارتی عزائم خاک میں مل گئے، کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل ملک کا ایٹمی صلاحیت حاصل کرنا پوری مسلم امہ کیلئے اعزاز کی بات ہے‘ایٹمی پاکستان اس وقت پوری دنیا کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح کھٹک رہا ہے‘ ‘بلوچستان میں ڈرون حملہ پاکستان کیخلاف کھلا اعلان جنگ ہے‘ بیرونی قوتیں پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نقصانات سے دوچار کرنا چاہتی ہیں

امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان حافظ محمد سعید کامانسہرہ میں یو م تکبیر کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب

ہفتہ 28 مئی 2016 20:45

مانسہرہ /لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 مئی۔2016ء) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی قوت بننے سے خطہ میں بالادستی کے بھارتی عزائم خاک میں مل گئے‘ کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کئے گئے ملک کا ایٹمی صلاحیت حاصل کرنا پوری مسلم امہ کیلئے اعزاز کی بات ہے‘ایٹمی پاکستان اس وقت پوری دنیا کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح کھٹک رہا ہے۔

بھارت، امریکہ اور ان کے اتحادی دہشت گردی کے ذریعہ وطن عزیز پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔بلوچستان میں ڈرون حملہ پاکستان کیخلاف کھلا اعلان جنگ ہے۔ بیرونی قوتیں پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نقصانات سے دوچار کرنا چاہتی ہیں۔ وہ جماعۃالدعوۃ کے زیر اہتمام مانسہرہ میں یو م تکبیر کے حوالہ سے منعقدہ تقریب کے ہزاروں شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر ظفر محمود ، پاکستان تحریک انصاف ضلع مانسہرہ کے رہنما بابر سلیم سواتی،تحصیل ناظم مانسہرہ خرم خان ،تیمور رضا خان،جماعت اسلامی ضلع مانسہرہ کے امیر ڈاکٹر طارق شیرازی،پیما کے صدر راجہ ایاز،جماعت اہلسنت و الجماعت کے رہنما حافظ ربنواز طاہر،جماعۃ الدعوۃ کے زونل مسؤل عتیق الرحمان چوہان،ابو زرغام اور دیگرنے بھی خطاب کیا۔

تقریب کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر و ضلع کونسل مانسہرہ کے ممبر ظفر محمود نے حافظ محمد سعید کو روایتی اعزازی پگڑی پہنائی۔جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں پوری قوم نے قربانیاں دی ہیں۔ایٹمی دھماکے کرتے وقت جس طرح بیرونی دباؤ کو کسی خاطر میں نہیں لایا گیا بالکل اسی طرح آج بھی دشمنان اسلام کی سازشوں کے مقابلہ کیلئے جرأت و استقامت کا راستہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایٹمی صلاحیت والا ملک پاکستان اﷲ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے جو دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کیلئے امیدوں کا مرکز و محور ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستانی حکمران مظلوم مسلمانوں کی عزتوں و حقوق کے تحفظ کیلئے آواز بلند کریں اور انہیں اسلام دشمن قوتوں کے ظلم و استبداد سے نجات دلانے کی کوشش کریں۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے آٹھ لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی میں پاکستانی پرچم لہرا کر وطن عزیز پاکستان سے گہری محبت کا ثبوت دیا ہے۔

کشمیری آج پاکستان زندہ باد ریلیاں نکال رہے ہیں۔ ان کی جانب سے بار بار پاکستانی پرچم لہرانا خوش آئند ہے۔ کشمیری قوم کو اس بات کی یقین دہانی کروانے کی ضرورت ہے کہ پوری پاکستان قوم ان کے ساتھ ہے۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ پاک چین تجارتی راہداری منصوبہ ناکام بنانے کیلئے بھارت کروڑوں ڈالر خرچ کر رہا ہے۔امریکی دھمکیوں کے بعد پاکستان کا ایٹمی پروگرام خطرے میں ہے ۔

ڈرون حملوں پر وزارت خارجہ کا رسمی احتجاج کافی نہیں اس لیے مربوط حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔28 مئی1998 کو ہونے والے ایٹمی دھماکے دراصل امریکہ و اس کے حواریوں کی غلامی کی نجات کا دن تھا اور اب پاکستان مستحکم،مضبوط ملک ہے،پاکستان نے بغیر امریکی مشاورت کے اقتصادی راہداری کی بنیاد رکھ کر پوری دنیا کو بتلا دیا ہے کہ پاکستانی باغیرت،جرأتمند اور اپنے فیصلے کرنے والی قوم ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کو دولخت کرنے کا اقرار کرنے،بلوچستان کو پاکستان سے علیحدہ کرنے کی منصوبہ سازی کرنے والا اورپاکستان کو بنجر بنانے کی سازشیں کرنے والا بھارت بدترین دہشت گردی کا ارتکاب کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلمان عالم کیخلاف سازشوں کے تانے بانے بننے اور اپنے جال پھیلانے والوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں کیونکہ عالم اسلام میں اٹھنے والی تحریکوں نے مسلم امہ کو بیدار کردیا ہے۔

انڈیا کی زبان بولنے والا امریکہ اپنی شکست کا بدلہ پاکستان سے لینا چاہتا ہے۔بلوچستان میں ڈرون حملہ اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مغربی تہذیب و ثقافت نے طلبہ کے ذہنوں کومنتشر کرکے رکھ دیا ہے۔جماعۃ الدعوۃ فرقہ واریت کاخاتمہ اور امت کو متحد کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ناپاک عزائم کو عالمی سطح پر اجاگر کرے۔ امریکا کی جانب سے پاکستان میں مزید حملوں کی دھمکیاں ناقابل برداشت ہیں۔