گزشتہ تین سالوں سے بد عنوان نظام کے خاتمے اور اداروں کی بحالی میں مصروف ہے،پرویزخٹک

ترقیاتی منصوبے عوام کی ضرورت اور انکا حق ہے اسلئے وہ ان پر سیاست نہیں کرتے ، عوام کے وسائل کو ذاتی تشہیر اور مفادات کیلئے استعمال کرنا قوم سے ظلم اور نا انصافی کے مترادف سمجھتے ہیں،،وزیراعلی خیبرپختونخوا

ہفتہ 28 مئی 2016 20:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے نظام کی تبدیلی کو قومی ترقی و خوشحالی کیلئے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت گزشتہ تین سالوں سے بد عنوان نظام کے خاتمے اور اداروں کی بحالی میں مصروف ہے جس کے نتائج برآمد ہونا شرو ع ہو چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اکبر پورہ ضلع نوشہرہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک اور ایم پی اے میاں خلیق الرحمن نے بھی جلسے سے خطاب کیا اور صوبائی حکومت کے اصلاحاتی اقدامات پر روشنی ڈالی وزیراعلیٰ نے کہاکہ منتخب عوامی نمائندے عوام کے خدمت گار ہوتے ہیں مگر ماضی میں عوامی خدمت کی بجائے ذاتی مفادات نمایاں رہے انہوں نے کہاکہ عوام کو تعلیم و صحت کے یکساں مواقع فراہم کرنا سب سے اہم منصوبہ ہے جس کی تکمیل کیلئے اقدامات جاری ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں سکولوں اور ہسپتالوں پر کوئی توجہ نہیں دی گئی بلکہ بے جا سیاسی مداخلت نے انہیں تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کر دیا وزیراعلیٰ نے صوبے میں اداروں کی تباہ حالی کا ذمہ دار سابقہ حکمرانوں کو قراردیتے ہوئے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ جب وہ حکومت میں آئے تو سکولوں کا برا حال تھا اُستاد موجود تھے اور نہ ہی مناسب عمارت موجود تھی انہوں نے کہا کہ امیر کے بچوں کو تمام سہولیات میسرہوں اورغریب کا بچہ ٹا ٹ پر بیٹھ کر دھوپ میں تعلیم حاصل کرے یہ کون سا انصاف ہے اور کو ن سا نظام ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت امیر وغریب کو معیاری تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے نہ صرف بد عنوانی کا خاتمہ کرنے کیلئے تاریخی اقدامات کئے بلکہ تعمیر اتی منصوبوں کے معیار کو بھی یقینی بنایا جار ہا ہے انہوں نے کہاکہ یہ واحد حکومت ہے جس نے صرف فنڈز خرچ کرنے پر ہی زور نہیں دیا بلکہ ان کے منصفانہ اور شفاف استعمال کو بھی یقینی بنایا جس کا ماضی سے موازانہ کیا جا سکتا ہے اور باشعور عوام اس فرق کو بخوبی محسوس کرتے ہیں وزیراعلیٰ نے صوبائی حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کو حقیقی معنوں میں نتیجہ خیز بنانے کیلئے عوام پر زور دیا کہ وہ بھی اپنی ذمہ داری کا احساس کریں اور برائی کا ساتھ نہ دیں انہوں نے کہاکہ عوام کے تعاون کے بغیر خوشحالی کا تصور کرنا بھی ناممکن ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ گزشتہ ستر سالوں کے گند کو صاف کرنا اتنا آسان نہ تھا مگر تحریک انصاف نے گزشتہ تین سالوں کے نہایت قلیل عرصہ میں تمام محکموں میں مفید اصلاحات کیں۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کے تمام تر اقدامات اور پالیسیوں کا مرکز اور محور غریب عوام ہیں تاکہ انہیں کامیاب زندگی گزازنے کے مواقع میسر آسکیں انہوں نے مزید کہاکہ صوبے میں بیروزگاری کے خاتمے کیلئے کارخانے لگاتے جا رہے ہیں اور نوجوانوں کیلئے فنی تربیت کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ صوبہ بھر میں اربوں روپوں کی لاگت سے ترقیاتی منصوبے شروع ہیں تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبے عوام کی ضرورت اور انکا حق ہے اسلئے وہ ان پر سیاست نہیں کرتے ۔انہوں نے کہاکہ عوام کے وسائل کو ذاتی تشہیر اور مفادات کیلئے استعمال کرنا قوم سے ظلم اور نا انصافی کے مترادف سمجھتے ہیں وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اُمید کا اظہار کیا کہ عوام خصوصا باشعور نوجوان ملک میں نظام کی تبدیلی کی ضرورت اور اہمیت کو سمجھتے ہوئے اس سلسلے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا خیرمقد م کیا اور اسے صوبائی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا ثمر قرار دیا ۔

متعلقہ عنوان :