پیمرا نے سابق گورنر خیبرپختونخواہ سردار مہتاب احمد خان پر کرپشن کے بے بنیاد الزامات نشر کرنے پر ایک نجی چینل کو ایک لاکھ جرمانہ عائد کرنے کی سفارش کر دی

جمعہ 27 مئی 2016 23:11

پیمرا نے سابق گورنر خیبرپختونخواہ سردار مہتاب احمد خان پر کرپشن کے ..

اسلام آباد ۔ 27 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 مئی۔2016ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے سابق گورنر خیبرپختونخواہ سردار مہتاب احمد خان پر کرپشن کے بے بنیاد الزامات نشر کرنے پر ایک نجی چینل کو ایک لاکھ جرمانہ عائد کرنے کی سفارش کر دی۔ جمعہ کو پیمرا شکایات کونسل خیبر پختونخوا کے چیئرپرسن شکیل چندر کی زیرِ صدارت 66 واں اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں عبدالستار، سید حماد حسین شاہ، فرح سلطان اشرف، فرح خان، محمد ارشاد ممبران کونسل اور راحت علی (آر جی ایم/سیکرٹری کونسل) نے شرکت کی۔کو نسل نے پیمرا ریجنل آفس پشاور کو خیبر پختونخوا کے تمام کیبل آپریٹرز اور ایف ایم ریڈیو لائسنس یافتگان کو رمضان المبارک کا تقدس قائم رکھنے کیلئے سرکلر جاری کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

(جاری ہے)

ایک شہری کی اپنے والد کی موت کے بارے میں غلط خبر نشر کرنے پر سماء ٹی وی کیخلاف شکایت پر کونسل نے مذکورہ چینل کو خبر کی درستگی کے ٹکرز نشر کرنے کا ثبوت فراہم کرنیکی ہدایت کرتے ہوئے معاملے کو اگلی میٹنگ تک موٴخر کر دیا۔

جبکہ نادرخان (ایڈووکیٹ) کی اے آروائی نیوز کے 30 اپریل 2016ء کے پروگرام "News at Six" کیخلاف شکایت کی سماعت کرتے ہوئے کونسل نے چینل کے نمائندے کو اگلے اجلاس میں خود پیش ہوکر اپنے موٴقف سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کونسل نے میسرز بنگش کیبل نیٹ ورک ہنگو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی جانب سے میسرز نیو کنگز کیبل نیٹ ورک ہنگو کے خلاف دائر شکایت کی سماعت کرتے ہوئے میسرز نیو کنگز کیبل نیٹ ورک ہنگوکو کیبل ٹی وی آپریشنز فوری طور پر بند کرنے کی سفارش کی ہے۔

ڈائریکٹر ہیومین رائٹس سیل پشاور ہائی کورٹ کی ایف ایم ریڈیو سٹیشنز، کیبل ٹی وی اور سیٹلائٹ ٹی وی چینلز پر حکیموں کے صحت سے متعلق غیر قانونی اشتہارات کے حوالے سے شکایت کی سماعت کرتے ہوئے کونسل نے تمام لائسنس یافتگان کو ایسے غیر قانونی اشتہارات کی نشریات بند کرنے کا سرکلر جاری کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔مزید براں کونسل نے پانچ کیبل ٹی وی آپریٹرز کے لائسنس اُن کی درخواست پر منسوخ کر نے کی سفارش کی۔

متعلقہ عنوان :