وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

ایسوسی ایشن کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا،آئندہ بجٹ کے حوالہ سے اپنی تجاویز بھی پیش کیں

جمعہ 27 مئی 2016 23:10

اسلام آباد ۔ 27 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے یہاں جمعہ کو ایکسچینج کمپنیز ایسوسی آف پاکستان (ای سی اے پی) کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت ای سی اے پی کے صدر شیخ علاؤ الدین جبکہ جنرل سیکرٹری محمد ظفر پراچہ کر رہے تھے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے محصولات ہارون اختر خان بھی موجود تھے۔

وفد نے وفاقی وزیر کو ایسوسی ایشن کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور غیر ملکی ایکسچینج مارکیٹ میں حالیہ پیشرفت اور اس کے رجحانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے وزیر خزانہ سے اپنے مسائل کے حل کیلئے تعاون کا مطالبہ کیا۔ وفد کے اراکین نے وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے آئندہ بجٹ کے حوالہ سے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے یقین دلایا کہ ان کی تجاویز کو آئندہ مالی سال 2016-17ء کے بجٹ میں شامل کرنے کیلئے غور کیا جائے گا اور ان کی جائز مشکلات کو بھی حل کیا جائے گا۔

اجلاس کے موقع پر کہا گیا کہ پاکستان کے بیرونی زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہیں اور تاریخ کی بلند ترین سطح 21.6 ارب ڈالر پر پہنچ گئے۔ ایکسچینج کمپنیز کے نمائندوں نے کہا کہ یہ اہم ترین کامیابی ہے جس پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم خراج تحسین کی مستحق ہے۔ انہوں نے ایسوسی ایشن کے مسائل میں دلچسپی لینے پر ان کے حل کی یقین دہانی پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وزارت خزانہ کے سینئر حکام اور ایف بی آر کے افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :