ملکی حدودمیں ڈرون حملے پر حکمرانوں کی خاموشی اور بے حسی قابل مذمت ہے، حافظ احمدعلی

حکمرانوں نے پاکستان کو امریکاکی کالونی بنارکھاہے وہ جب اور جہاں چاہے حملہ کرے حکمرانوں کو اس پر لب کشائی کی بھی جرأت نہیں ہے، جے یوآئی (س)

جمعہ 27 مئی 2016 23:00

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 مئی۔2016ء) ملکی حدودمیں ڈرون حملے پر حکمرانوں کی خاموشی اور بے حسی قابل مذمت ہے، امریکا پوری دنیاکا ٹھیکیدارنہیں صرف پاکستان اور مسلمانوں پرہی غراتاہے، حکمرانوں نے پاکستان کو امریکاکی کالونی بنارکھاہے وہ جب چاہے اور جہاں چاہے حملہ کرے حکمرانوں کو اس پر لب کشائی کی بھی جرأت نہیں ہے۔

یہ باتیں جمعیت علماء اسلام سندھ کے جنرل سیکریٹری حافظ احمدعلی نے گلستان جوہر میں صوبائی امیر الحاج قاری عبدالمنان انورنقشبندی کے زیرصدارت منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں، اجلاس سے مولانااقبال اﷲ ،مولاناحضرت ولی ہزاروی، مولاناخواجہ احمدیارخان، مولانالیاقت علی شاہ، مولانامشتاق عباسی، مولاناغلام مصطفی فاروقی، قاری عبدالحئی شیخ، قاری سیف الرحمان، مفتی حماداﷲ مدنی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے اپنے خطاب میں کہاکہ حکمرانوں نے اسلامی غیرت کا جنازہ نکال دیاہے، مسلم حکمران کبھی بزدل نہیں ہوسکتا،مسلمانوں پر حکمرانی کے لئے جری ،بہادر،نڈر،بے خوف اور جرائتمند حکمران کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ حیرت ہے ملک پر جب بھی کوئی کڑاوقت آتاہے نوازشریف بیرون ملک چلے جاتے ،موجودہ حالات میں ان کا پاکستان میں موجودہوناضروری تھامگر وہ علاج کے لئے لندن میں بیٹھے ہین دوسری جانب پاکستان کے شہری علاج کے لئے دربدرکی ٹھوکریں کھارہے ہیں ،مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی کمرتوڑدی ہے، بجلی ،پانی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث لوگوں کی زندگی اجیرن کرکھی ہے، عوام کاکوئی پرسان حال نہیں ہے۔

اجلاس سے خطاب میں حافظ احمدعلی نے کہاکہ اسلام دشمن قوتیں پاکستان کو کمزورکرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں، دنیاجانتی ہے پاکستان نے دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خلاف بھرپوراقدامات کئے ہیں اور اس جنگ میں ہراول دستے کا کرداراداکیالیکن امریکہ اور دیگر عالمی طاقتیں پاکستان کی ان قربانیوں کو کسی خاطر میں نہیں لاتیں، پاکستان کو اعتماد میں لئے بغیر ریڈزون میں ڈرون حملہ ملکی خودمختاری پر ضرب کاری ہے۔

انہوں نے کہاکہ امریکاہمیشہ سے ہماری خودمختاری اور سلامتی سے کھیلتاآرہاہے، لیکن خودغرض حکمران اس کے آگے ہاتھ باندھے کھڑے ہوتے ہیں،بلوچستان کے علاقے میں امریکی ڈرون حملہ انتہائی قابل تشویش ہے ہر ذی شعور یہ سوچنے پر مجبورہے کہ پاکستان کی حدودمیں امریکی مداخلت یاتوحکمرانوں کی کمزوری ہے یاپھر حکمران خود اس میں ملوث ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے حکمرانوں نے بزدلی اور بے حسی کی بدترین مثال قائم کی ہے، آئے روزہندوستان ہماری سرحدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہمارے لوگوں کو ماردیتاہے مگر یہ حکمران اس پر حملہ تو کیازبانی فائر بھی نہیں کرسکتے۔

انہوں نے ایران، بھارت اور افغانستان معاہدے پر افسوس اور حیرانی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان جو ہماراازلی دشمن ہے ہمارے دوست ممالک کی اس کے ساتھ دوستی کی پینگیں اور معاہدے چہ معنی دارد؟۔انہوں نے کہاکہ وقت آگیاہے کہ حکمران غیرت ایمانی اور اسلامی حمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیاکی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کریں ورنہ دشمن ممالک پاکستان کی سالمیت اور استحکام کو نقصان پہنچاسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :