آصفہ بھٹو زرداری کا پولیس فیسیلیٹیشن سینٹر کا دورہ

جدید تقاضوں کے مطابق پولیس فیسیلیٹیشن سینٹرکا قیام ایک مثالی اقدام ہے ،اس میں عام آدمی کے پولیس اور دیگر محکموں سے متعلق مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی، پیپلزپارٹی کی رہنما کی گفتگو

جمعہ 27 مئی 2016 22:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 مئی۔2016ء ) پیپلزپارٹی کی رہنما آصفہ بھٹوزرداری نے قائم مقام قونصل جنرل متحدہ عرب امارات بخیت عتیق الراؤمیٹھی کے ہمراہ پولیس فیسیلیٹیشن سینٹر کا دورہ کیا اور کراچی میں پولیس فیسیلیٹیشن سینٹر کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کی شکایات کا ایک کھڑکی کے ذریعے ازالہ ہوسکے گا جبکہ مقصود احمدکمانڈنٹ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ نے پولیس فیسیلیٹیشن سینٹر کے قیام کے لیے کی جانے والی کاوشوں اور وہاں پر عوام کے مسائل کے حل کے لیے فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ جدید تقاضوں کے مطابق پولیس فیسیلیٹیشن سینٹرکا قیام ایک مثالی اقدام ہے جہاں پر عام آدمی کے پولیس اور دیگر محکموں سے متعلق مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انھوں نے اس بات کی اہمیت پر زور دیا کہ کراچی میں مزید پولیس فیسیلیٹیشن سینٹرزکا قیام جلد عمل میں لایا جائے اور امید ظاہر کی کہ تمام متعلقہ محکمے عوام کے مسائل حل کرنے میں اپنا بھر پور تعاون پیش کریں گے۔

آصفہ بھٹو زرداری نے امید ظاہرکی ہے کہ پولیس فیسیلیٹیشن سینٹرعوام کے مسائل کے حل اور پولیس کے امیج کو بہتر کرنے میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔انھوں نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ اور اس کے عملے کی پولیس فیسیلیٹیشن سینٹر کے قیام کے لیے کی جانی والی کوششوں کی تعریف کی۔پولیس فیسیلیٹیشن سینٹر میں اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کا عملہ اپنی خدمات انجام دے گا۔ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس کراچی مشتاق مہر اور دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :