پیمرا شکایات کونسل نے سابق گورنر خیبرپختونخوا مہتاب خان کے خلاف بے بنیاد الزامات نشر کرنے پر چینل 24پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنیکی سفارش

جمعہ 27 مئی 2016 22:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 مئی۔2016ء) پیمرا شکایات کونسل خیبر پختونخوا ہ نے چیئرپرسن شکیل چندر کی زیرِ صدارت اپنے 66ویں اجلاس میں سابقہ گورنر خیبرپختونخواہ سردار مہتاب احمد خان پر کرپشن کے بے بنیاد الزامات نشر کرنے پر چینل- 24پر ایک لاکھ جرمانہ عائد کرنیکی سفارش کر دی۔ کو نسل نے پیمرا ریجنل آفس پشاور کو خیبر پختونخواہ کے تمام کیبل آپریٹرز اور ایف ایم ریڈیولائسنس یافتگان کو رمضان المبارک کا تقدس قائم رکھنے کیلئے سرکلر جاری کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

ایک شہری کی اپنے والد کی موت کے بارے میں غلط خبر نشر کرنے پر سماء ٹی وی کیخلاف شکایت پر کونسل نے مذکورہ چینل کو خبر کی درستگی کے ٹکرز نشر کرنے کا ثبوت فراہم کرنیکی ہدایت کرتے ہوئے معاملے کو اگلی میٹنگ تک مؤخر کر دیا۔

(جاری ہے)

جبکہ نادرخان (ایڈووکیٹ) کی اے آروائی نیوز کے مورخہ 30اپریل 2016؁ء کے پروگرام "News at Six"کیخلاف شکایت کی سماعت کرتے ہوئے کونسل نے چینل کے نمائندے کواگلے اجلاس میں خود پیش ہوکر اپنے مؤقف سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کونسل نے میسرز بنگش کیبل نیٹ ورک ہنگو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی جانب سے میسرز نیو کنگز کیبل نیٹ ورک ہنگو کے خلاف دائر شکایت کی سماعت کرتے ہوئے میسرز نیو کنگز کیبل نیٹ ورک ہنگوکو کیبل ٹی وی آپریشنز فوری طور پر بند کرنے کی سفارش کی ہے ۔ ڈائریکٹر ہیومین رائٹس سیل پشاور ہائی کورٹ کی ایف ایم ریڈیو سٹیشنز ، کیبل ٹی وی اور سیٹلائیٹ ٹی وی چینلز پر حکیموں کے صحت سے متعلق غیر قانونی اشتہارات کے حوالے سے شکایت کی سماعت کرتے ہوئے کونسل نے تمام لائسنس یافتگان کو ایسے غیر قانونی اشتہارات کی نشریات بند کرنے کا سرکلر جاری کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔

مزید براں کونسل نے پانچ کیبل ٹی وی آپریٹرز کے لائسنس اُن کی درخواست پر منسوخ کر نے کی سفارش کی ۔ اجلاس میں عبدالستار، سید حماد حسین شاہ، محترمہ فرح سلطان اشرف، فرح خان،محمد ارشاد ممبران کونسل اور راحت علی (آر جی ایم /سیکرٹری کونسل) نے شرکت کی۔