انگلینڈ اپنی ہوم کنڈیشنز میں سخت حریف ہے ، اسلئے مقابلے کیلئے ہمیں اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا، ہماری باؤلنگ اچھی ہے جس میں ورائٹی موجود ہے، باؤلرز کو انگلش بیٹسمینوں کی کمزوریوں سے فائدہ اٹھانا ہو گا، مکی آرتھر کراچی کنگز کی کوچنگ کر چکے ہیں ، یقین ہے کہ وہ کھلاڑیوں سے بہترین کام لیتے ہوئے ایک کامیاب کوچ ثابت ہوں گے

قومی کر کٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کا انٹرویو

جمعہ 27 مئی 2016 22:21

انگلینڈ اپنی ہوم کنڈیشنز میں سخت حریف ہے ، اسلئے مقابلے کیلئے ہمیں ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 مئی۔2016ء) قومی کر کٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے کہا ہے کہ انگلینڈ اپنی ہوم کنڈیشنز میں بہت سخت حریف ہے ، اسلئے مقابلے کیلئے ہمیں اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہو ، ہمیں انگلینڈ کی کنڈیشنز کے لحاظ سے خود کو ڈھاکنا ہو گا اور انگلینڈ کے بلے بازوں کو مشکلات سے دوچار کرتے ہوئے ان کی کمزوریوں سے فائدہ اٹھانا ہو گا۔

فاسٹ بالر نے پاک پیشن کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ہماری بالنگ لائن اپ بہت اچھی ہے جس میں ورائٹی موجود ہے اور اس میں انگلش بلے بازوں کو مشکلات سے دوچار کرنے کی صلاحیت موجود ہے لیکن ہمارے بالرز کیلئے سب سے اہم چیز انگلینڈ کی صورتحال میں جلد از جلد خود ڈھالنا ہے۔ وہاب ریاض نے کہا کہ ہمارے لیے بہت ضروری ہے کہ ہم وہاں کی کنڈیشنز اور وکٹوں کا خود کو عادی بنا لیں اور مجھے یقین ہے کہ پاکستانی بالرز انگلش بلے بازوں کو مشکلات سے دوچار کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اظہر علی، اسد شفیق اور سرفراز بھی مستقل کارکردگی دکھا رہے ہیں اور اپنے شاندار کھیل کی بدولت مصباح اور یونس کی بھرپور معاونت کر رہے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے دورہ انگلینڈ کیلئے بلے بازوں کے کردار کو بھی انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل ہمارے بلے بازوں کی تیاری بھی بہت اہم ہے، ہمارے بلے بازوں میں اس حد تک اسکور کرنے کی قابلیت موجود ہے جس کا بالرز دفاع کر سکیں تاہم اب دیکھنا ہے کہ وہاں کس طرح کی وکٹیں تیار کی جاتی ہیں۔

نئے کوچ مکی آرتھر کے بارے میں سوال پر وہاب نے کہا کہ نئے کوچ کے ساتھ کام کرنا ہمیشہ دلچسپ ہوتا ہے کیونکہ یہ سب مختلف طریقوں، سوچ اور نت نئے آئیڈیا کے تحت کام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مکی آرتھر اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کراچی کنگز کی کوچنگ بھی کر چکے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں سے بہترین کام لیتے ہوئے ایک کامیاب کوچ ثابت ہوں گے۔