چین کاگاؤں جہاں بچے خطرہ مول لے کراسکول پہنچتے ہیں

جمعہ 27 مئی 2016 22:21

چین کاگاؤں جہاں بچے خطرہ مول لے کراسکول پہنچتے ہیں

سیچوان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 مئی۔2016ء) چین کے ایک گاؤں میں بچے اسکول جانے کے لیے 2624 فٹ بلندی کا سفر دشوار گزار راستوں اور خطرناک سیڑھیوں سے 2 گھنٹے میں مکمل کرتے ہیں اور 2 ہفتے وہیں رہتے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق 200 سال قدیم یہ گاؤں،چین کے جنوب میں صوبے سچوان کے پہاڑی علاقے میں واقع ہے۔اس میں کل 72 خاندان آباد ہیں۔گاؤں میں ایک ہی پرائمری اسکول موجود ہے جو پہاڑی کے نیچے موجود ہے۔

یہاں پہنچنے کے لیے گاؤں کے 6 سے 15 سال کے بچے 2 سے زائد گھنٹے کا سفر خطرناک سیڑھیوں کے ذریعے کرتے ہیں۔ اس سفر کے دوران ان کے ساتھ صرف 3 بڑے موجود ہوتے ہیں۔بھاری بھرکم بستوں کے ساتھ خطرناک راستوں کا سفر بچوں کے لیے شدید تھکن کا باعث بھی بنتا ہے اس لیے بچے ایک دفعہ اسکول پہنچ جاتے ہیں تو 2 ہفتے وہیں رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس خطرناک راستے سے متعدد افراد کی جان بھی جاچکی ہے خاص کر برف باری اور بارش کے دنوں میں اسکول کا سفر بچوں کے لیے انتہائی خوف ناک ہو جاتا ہے اس لیے اکثر لوگ اپنے بچوں کو صرف اس راستے کی وجہ سے اسکول بھیجنا نہیں چاہتے۔

اس علاقے کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہاں مقیم لوگوں کو باآسانی قریبی آبادی میں منتقل کیا جا سکتا ہے لیکن اپنی زمینوں اور کھیتوں کے نہ ہونے سے یہ بے روزگار ہو جائیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اس پْرخطر علاقے میں رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :