چین اور بھارت کا اسٹریٹجک اور باہمی تعاون پر مبنی شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق

چین اور بھارت علاقائی اور بین الاقوامی معاملات میں ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں ،چینی صدر بھارت کی تمام سیاسی جماعتیں چین کے ساتھ بہتر تعلقات کی خواہاں ہیں، شنگھائی تعاون تنظیم میں شمولیت کے لئے پاکستان اور بھارت کی حمایت کرنے پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہیں ، بھارتی صدر پرناب مکھر جی کی چینی صدر سے گفتگو

جمعہ 27 مئی 2016 22:16

چین اور بھارت کا اسٹریٹجک اور باہمی تعاون پر مبنی شراکت داری کو فروغ ..

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 مئی۔2016ء) چین کے صدر ژی جن پنگ نے کہا ہے کہ حالیہ سالوں میں چین اور بھارت کے مابین باہمی تعلقات میں بہتری ہوئی ہے ۔دونوں ممالک باہمی تعلقات کو فروغ دینے اوردونوں اطراف کی عوام کو فائدہ مند بنانے کے لئے دوستانہ ہمسائیگی کے اصول پر عمل پیرا رہیں ۔ چینی صدر نے اپنے بھارتی ہم منصب پرناب مکھر جی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین اسٹریٹجک اور باہمی تعاون پر مبنی شراکت داری کو فروغ دینے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

چینی صدر نے تجویز دی کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کے مابین اسٹریٹجک رابطہ سازی کو برقرار رکھنے اور باہمی مذاکرات کے مختلف طریقہ کار استعمال کرتے ہوئے سیاسی اعتماد کو مضبوط بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

دونوں ریاستیں ریلوے، صنعتی پارک ، سمارٹ سٹی، نئی توانائی ، ماحولیاتی تحفظ ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، قدرتی وسائل، صنعتی گنجائش، سرمایہ کاری ثقافت اور سروسز کے شعبہ میں عملی طور پر تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں ۔

دونوں ممالک کی عوام کے تبادلوں اور ثقافتی طائفوں کو فروغ دیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی کے تعاون کو بہتر بنایا جائے ۔ دونوں ممالک مناسب طریقے سے اپنے اختلافات کو حل کریں ۔بھارت کی جانب سے ون چائنہ پالیسی کی حمایت کرنے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ملاقات میں بھارتی صدر پرناب مکھرجی نے کہا کہ بھارت کی تمام سیاسی جماعتیں چین کے ساتھ بہتر تعلقات کی خواہاں ہیں ۔

دونوں بڑی عالمی طاقتوں اور فروغ پاتی معیشتوں کے مابین باہمی تعاون سے نہ صرف دونوں ممالک کی عوام بلکہ پوری انسانیت کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان اور بھارت کی شمولیت کے لئے حمایت کرنے پر چین کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اس سے قبل بھارتی صدر نے چینی وزیراعظم لی کی چیانگ کے ساتھ بھی ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لئے طریقہ کار پر گفتگو کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :