بحیثیت قوم دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینگ دینگے،میجرجنرل خالدجاوید

امن سپورٹس گالا کے انعقاد سے بدامنی کے شکار قبائلی عوام صحت مندانہ سرگرمیوں سے لطف اندوز ہورہے ہیں

جمعہ 27 مئی 2016 22:00

جنوبی وزیرستان۔27 مئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 مئی۔2016ء ) جی او سی وانا میجرجنرل خالد جاوید نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی تاریک رات ختم ہوچکی ہے اور اب امن کا سورج طلوع ہوچکا ہے ،پاک فوج اور پولیٹیکل انتظامیہ نے علاقے میں موٹروے جیسے سڑکوں کا جال بچھادیا ہے اور پینے کے پانی ،صحت اور تعلیم کے مسائل تیزی سے حل ہورہے ہیں۔وہ جنوبی وزیرستان کے تحصیل سراروغہ میں پہلا امن پولیٹیکل ایڈمنسٹریشن سپورٹس گالا کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

تقریب میں کمشنرڈیرہ اسمعیل خان ، پولیٹیکل ایجنٹ ظفرالاسلام خٹک ، کانی گرم کے بریگیڈئر ابرار اور دیگرفوجی و سول اعلی حکام کے علاوہ قبائلی عمائدین اور عوام کے علاوہ کھلاڑیوں کی خاصی تعداد موجودتھی۔ جی او سی وانا میجر جنرل خالد جاوید کا کہناتھا کہ ہم بحیثیت قوم دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینگ دینگے،اس امن سپورٹس گالا میں کثیر تعداد میں لوگوں کو دیکھ کر خوشی ہوئی کہ وہ کئی سالوں کی بد امنی کے بعد پہلی مرتبہ اس قسم کے صحت مندانہ سرگرمیوں سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

پولیٹیکل ایجنٹ ظفرالاسلام خٹک نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سٹیڈیم پہلی مرتبہ ہر مکتبہ فکر کے لوگوں سے بھرا پڑا ہے ، کافی قربانیوں کے بعد امن لوٹ آیا ہے اب قبائلی عمائدین کو چاہئے کہ وہ امن کی مزید بہتری میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیں۔ قبل ازیں پولیٹیکل ایڈمنسٹریشن فرسٹ امن سپورٹس گالا کے مختلف گیموں میں اچھی کارکردگی دکھا نے والے کھلاڑیوں میں جی او سی وانا میجرجنرل خالد جاوید،کمشنرڈیر ہ اسمعیل خان ،پولیٹیکل ایجنٹ ظفرالاسلام خٹک ،کانی گرم کے بریگیڈئیر ابرار اور دیگر پاک فوج کے افسروں نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور دیگر انعامات بھی تقسیم کئے ۔

سپورٹس گالا میں کرکٹ،فٹ بال ،والی بال ،تھائی کوانڈو،ووشو،باسکٹ بال اور دیگر کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے تھے۔