محکمہ لائیوسٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ کے زیراہتمام”کٹڑابچاؤ سکیم“اور”کٹڑا فربہ سکیم“کے تحت ضلع فیصل آباد کے 56یونٹس کے مویشی پال حضرات میں 41لاکھ 35ہزارروپے بطور ترغیب تقسیم

جمعہ 27 مئی 2016 21:52

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 مئی۔2016ء) محکمہ لائیوسٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ کے زیراہتمام”کٹڑابچاؤ سکیم“اور”کٹڑا فربہ سکیم“کے تحت ضلع فیصل آباد کے 56یونٹس کے مویشی پال حضرات میں 41لاکھ 35ہزارروپے بطور ترغیب تقسیم کئے جارہے ہیں تاکہ وہ معاشی سہارا کے ساتھ کٹڑوں کی پرورش کی جانب راغب رہیں اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ کیا جاسکے۔

ڈی سی او سلمان غنی نے پہلے مرحلے میں رجسٹرڈ لائیوسٹاک بریڈرز میں ترغیب کی رقوم کے چیک تقسیم کئے۔اس مقصد کے لئے ایک تقریب ڈی سی اوآفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی جس میں ای ڈی او(زراعت)چوہدری عبدالحمید،ڈائریکٹر لائیوسٹاک منیر شامی،ڈی اولائیوسٹاک ڈاکٹر صالحہ گل اور محکمہ لائیوسٹاک کے دیگر افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈی سی اوسلمان غنی نے کٹڑا بچاؤ سکیم میں مویشی پال حضرات کی خصوصی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے لائیوسٹاک سیکٹر کی ترقی کے لئے بریڈرز کو متعدد مراعات اورپرکشش ترغیبات دی جارہی ہیں جن کی بدولت نہ صرف گاؤں کی سطح پر غربت میں کمی بلکہ دودھ اورگوشت کی پیداوار میں اضافہ کے قومی معیشت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے محکمہ لائیوسٹاک اوربریڈرز کے مابین گہرے روابط پرزوردیتے ہوئے کہا کہ حکومتی اقدامات کے ثمرات مویشی پال حضرات تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔اس موقع پرڈی اولائیوسٹاک ڈاکٹر صالحہ گل نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے کٹڑا بچاؤ سکیم کے تحت بریڈرز کو 6600روپے اور کٹڑا فربہ سکیم کے تحت 4000روپے فی کٹڑا بطور ترغیب دئیے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کٹڑا بچاؤ سکیم میں گاؤں کی سطح پرایک دن سے لیکر 30دن کی عمر کے 10کٹڑوں کا یونٹ جبکہ کٹڑا فربہ سکیم میں ایک سال سے ڈیڑھ سال تک کی عمر کے 25کٹڑوں کا یونٹ تشکیل دیا گیا تھا اور محکمہ لائیوسٹاک کی جانب سے ان کی ویکسئین کے علاوہ دیکھ بھال اور پرورش میں بھرپور تکنیکی رہنمائی کی جارہی ہے۔اس موقع پر موجود بریڈرز نے حکومت پنجاب کی اس سکیم کو خوش آئندقرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شانداراقدام لائیوسٹاک بریڈرز کی خوشحالی اور لائیوسٹاک سیکٹر کی ترقی کے لئے بے حد مفید ہے۔

متعلقہ عنوان :