سنی اتحاد کونسل کی اپیل پر فیصل آباد میں بھی امریکی ڈرون حملے کے خلاف”یوم مذمت امریکہ “ منایا گیا

جمعہ 27 مئی 2016 21:51

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 مئی۔2016ء) سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی امریکی ڈرون حملے کے خلاف”یوم مذمت امریکہ “ منایا گیا اس سلسلہ میں شہر بھر کی مساجد میں علماء اہلسنّت نے امریکہ کی اسلام اور پاکستان دشمنی کے موضوع پر خطبات جمعہ دیئے اور امریکی ڈرون حملے کے خلاف مذمتی قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔

سنی اتحاد کونسل یوتھ ونگ کے مرکزی رہنما صاحبزادہ حسن رضا نے جامع مسجد غوثیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خارجی خطرات کے مقابلہ کیلئے داخلی استحکام ضروری ہے۔بزدل حکمران پاکستان کی خود مختاری کا تحفظ کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ امریکی دھمکیاں پاکستان کیلئے خطرے کی نئی گھنٹی ہے۔

(جاری ہے)

امریکی سفیر کی دفتر خارجہ طلبی کافی نہیں۔

ناکام خارجہ پالیسی کی وجہ سے پاکستان تنہائی کا شکار ہے۔سنی اتحاد کونسل علماء بورڈ کے رہنمامولانا غلام حسین نقشبندی منصور آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے ملا منصور نہیں خطے میں امن کی کوششوں پر ڈرون حملہ کیا ہے۔ حکمران جان لیں کہ امریکہ پاکستان کا دوست نہیں دشمن ہے۔قاری محمد امین رضوی نے سمندری روڈ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت امریکہ سے دو ٹوک بات کرے۔ اقوام متحدہ امریکی ڈرون حملے کا نوٹس لے۔پوری قوم متحد ہوکر دشمن کا مقابلہ کرے۔

متعلقہ عنوان :